28 اکتوبر کا دن اسحاق ظفر کے مشن کی کامیابی کا دن ہوگا‘ اشفاق ظفر

ہفتہ 23 ستمبر 2006 13:41

چناری (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23 ستمبر2006 ) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار حلقہ پانچ صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے انتخابی مہم کے پہلے مرحلہ پر مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگوں دوستوں اور ساتھیوں نے جس بلند حوصلہ و ہمت سے مجھے کامیاب کرنے کے لئے گھر گھر مہم کا آغاز کردیا ہے اس سے میں پرامید ہوں اور 28اکتوبر کا دن فخر کشمیر صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر کے مشن کی کامیابی ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں عوام گزر رہے ہیں زلزلہ متاثرین ایک سال گزرنے کے باوجود مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں زلزلہ سے تباہ ہونے والے علاقوں میں حلقہ نمبر پانچ سرفہرست ہے ہم بحالی و تعمیر کیلئے عوام کی بھلائی کے لئے کسی مصلحت کا شکار نہ ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد واضح ہیں متاثرین زلزلہ ہمارا بڑا چیلنج ہیں انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کیسے ووٹ مانگتے ہیں جو حکومت میں ہوتے ہوئے بھی زلزلہ کے کئی ہفتوں بعد بے گھر اور بے بس عوام کو ملنے نہیں آئے آج صرف اپنے مفاد کیلئے بھاگے دوڑے جارہے ہیں مگر اب عوام باشعور ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ کارکنان انتخابی مہم رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ڈٹ کر چلائیں انشاء الله کامیابی ہماری ہوگی اور عوام دشمن ہمیشہ کیلئے بھاگ جائینگے۔