عوام جابر حکمرانوں سے نجات کیلئے اٹھ کھڑ ے ہوں،شہباز شریف،نائن الیون کے بعد بھیک میں ملنے والی امداد سے حکمران کروڑوں روپے کی لمبی لمبی گاڑیاں خرید رہے ہیں،غریبوں کاکوئی پرسان حال نہیں،رانا تجمل کے انتخابی جلسہ سے ٹیلیفونک خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2006 22:09

ٓلاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جابر حکمرانوں سے نجات کیلئے عوام اٹھ کھڑ ے ہوں ۔حکمرانوں نے عوام کو جہنم میں دھکیل دیا ہے اس نظام کو ختم کرنا اور نواز شریف کو واپس لانا ہوگا ۔کارکن رانا تجمل کو کامیاب کروا کر پنجاب کے حکمرانوں کے منہ پر ایسا طمانچہ ماریں کہ انہیں آئندہ اس حلقے میں آنیکی جرات نہ ہو ۔

آج ملک کے 16کروڑ عوام ظلم ‘مہنگائی ‘غربت اور نا انصافیوں کا شکار ہیں تھانوں میں ظلم ہو رہے ہیں انصاف پیسوں میں بک رہا ہے لوگوں پر ناجائز مقدمات درج کرائے جارہے ہیں ۔ وہ گز شتہ روز رانا تجمل کے انتخابی حلقہ میں منعقد کئے جانیوالے جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے ۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ 11ستمبر کے بعد بھیک میں ملنے والی امداد سے حکمران کروڑوں روپے کی لمبی لمبی گاڑیاں خرید رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بتائیں کہ آج عوام خود کشیاں کیوں کر رہے ہیں بارشوں سے اکٹھے ہونے والے پانی سے لوگ مر رہے ہیں ۔ہمارے دور حکومت میں کسی غریب کو کچھ ہوتا تو ہم سکون سے نہیں بیٹھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ کشکول نہ اٹھا نا بھیک نہیں مانگنی مگر حکمرانوں نے یہ سب کچھ کر دکھایا ہے اب ایسے نظام کو ختم کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کیلئے کچھ نہیں کیا یہاں امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے جبکہ پولیس کا کوئی پرسان حال نہیں ۔آج کا یہ جلسہ ثابت کرتاہے کہ اپوزیشن نے میدان مار لیا ہے ۔