آسٹریلیا شہریت کے امیدواروں سے انگریزی ٹیسٹ لے گا

ہفتہ 23 ستمبر 2006 22:09

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) آسٹریلین وزیراعظم کے مطابق امیگریشن کی پالیسی کو سخت بنانے کے لیئے یہ سوچا جا رہا ہے کہ آسٹریلین نیشنیلٹی کے خواہش مند افراد کا انگریزی ٹیسٹ لیا جائے اور ساتھ ہی ان کا تاریخ اور ثقافت سے متعلق کوئز بھی ہو۔اس سلسلے میں حکومت کا کہنا ہے کہ یہ نہایت دانشمندانہ فیصلہ ہے کیونکہ اس سے نئے آنے والے شہری یقیناً اچھی انگریزی کا علم رکھتے ہوں گے جس سے وہ آسٹریلین معاشرے میں جذب ہو کر اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

وزیراعظم جان ہارورڈ کا کہنا ہے کہ یہ لازمی ٹیسٹ مضبوط قومی تشخص کو ابھارے گا ۔ ایک آسٹریلین کیتھولک پادری نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ملک میں جہاں چار میں سے ایک آدمی غیر ملکی ہے یہ قدم سماجی ہم آہنگی پیدا کرنے میں معاون ہو گا ۔

(جاری ہے)

مگرکچھ لوگ اس کی حمایت میں نہیں اور اسے باعث تحقیر قرار دے رہے ہیں۔ پالیسی کے ایک نقاد کے مطابق اس فیصلے سے تعصب کی بو آتی ہے ۔

کاروباری حلقے کا کہنا ہے کہ اس قدم سے کئی ہنر مند افراد آسٹریلیا آنے سے گریز کریں گے اور کسی دوسرے ملک چلے جائیں گے۔اس فیصلے سے پہلے جان ہارورڈ نے آسٹریلین مسلمانوں کو انگریزی سیکھنے کے لیئے کہا تھا تا کہ وہ اس معاشرے کا اٹوٹ حصہ بن سکیں۔مخالف لیبر پارٹی بھی اس فیصلے کے حق میں ہے تا کہ آسٹریلیا آنے والے افراد یہاں آنے سے پہلے آسٹریلوی اقدار کو اچھی طرح سے سمجھ لیں جس میں جمہوریت اور سارے مذاہب کا احترام بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :