جرمنی،حادثے کے دوران 23 افراد کی ہلاکت پر چانسلر کا افسوس، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا

ہفتہ 23 ستمبر 2006 22:09

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) جرمنی میں مونو ریل کے حادثے میں 23 افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ماہرین ہائی سپیڈ میگنیٹک یا مونو ریل کے آزمائشی سفر کے دوران سروس کرنے والی گاڑی کی ٹریک پر موجودگی کی تفتیش کر رہے ہیں۔اس ہائی سپیڈ ٹرین جس کو ٹرانسریپڈ کہا جاتا ہے، جمعہ کو لیتھن شہر کے جنوبی قصبے کے قریب اپنے آزمائشی سفر کے دوران مرمت کرنے والی ایک ویگن سے ٹکرا گئی تھی۔

مونو ریل کی رفتار دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ٹرین کے کئی ڈبے حادثے کے بعد ٹریک سے اتر کے فضا میں معلق ہو گئے جس کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے کام میں دشواری کا سامنا رہا۔جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے مونو ریل حادثے میں 23 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

حادثے کی جگہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ اس قسم کے حادثے پر دکھ کے اظہار کے لیئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہو نے کے لیئے وہ یہاں آئی ہیں۔حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے مونو ریل کے لیتھن سے ڈوئرپن کے سفر کے دوران پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت اس نئے نظام اور مقامی یوٹیلٹی کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین تھی جبکہ مرمت کرنے والی ویگن میں عملے کے دو افراد سوار تھے۔

لیتھن کا یہ ٹریک عام طور پر سیاحوں اور اس نئی مقناطیسی ٹیکنالوجی کی آزمائش کے لیئے استعمال کیا جاتا ہے۔ریل حکام کا کہنا ہے کہ سروس گاڑی ٹریک کی صفائی کے لیئے تقریبا روزانہ ہی استعمال کی جاتی ہے تاہم مونو ریل کے آزمائشی سفر کے دوران اسے موجود نہیں ہونا چاہیے تھا۔ٹریک آپریٹرز کا کہنا ہے کہ حادثے کے بارے میں کی جانے والی ابتدائی کارروائی میں کسی قسم کی تکنیکی خرابی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

اس ہائی سپیڈ ٹرین کو جرمن کمپنیوں سیمنز اور تھیسنکرپ نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔اس تیز رفتار ٹرین میں مقناطیسی سفوف استعمال کیا گیا تھا، جسے سائنسی زبان میں میگلیو ٹیکنالوجی کہا جاتا ہے، اور اس کی مدد سے اس اکہرے ٹریک پر ٹرین انتہائی تیزی سے دوڑنے کے قابل ہوتی ہے۔اس ٹریک پر اس قسم کی ہائی سپیڈ ٹرین صرف کمرشل مقاصد کے لیئے بطور شٹل سروس کے استعمال کی جاتی ہے جو شہر کو شنگھائی پوڈونگ انٹرنشینل ائر پورٹ سے ملانے کا کام کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :