اسامہ بن لادن کی موت سے متعلق خبر افواہ ہے،کرزئی

اتوار 24 ستمبر 2006 13:39

مانٹریال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2006ء) افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی طبعی موت سے متعلق فرانسیسی ذرائع کی خبر کو افواہ قرا ردیا ہے تاہم کہا ہے کہ اگر اس میں صداقت ہوئی تو یہ ایک اچھی خبر ہو گی سعودی اور امریکی حکام نے بھی خبر سے لاعلمی ظاہر کی ہے فرانسیسی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسامہ بن لادن 23 اگست 2006ء کو پاکستان میں تھے اور ٹائیفائڈ کے باعث ان کا انتقال ہو گیا حامد کرزئی نے کینیڈا کے شہر مانٹریال میں ریڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے اس بارے میں لا علمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اصل صورتحال شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہو گی امریکہ کی وزیر خارجہ کنڈولیزارائس سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بھی اس بارے میں تبصرے سے گریز کیا وائٹ ہاؤس اور امریکی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیانات میں فرانسیسی اخبار کی خبر پر لا علمی ظاہر کی ہے پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا بھی یہ ماننا ہے کہ اس بارے میں اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں پاکستان میں امریکہ کے سفیر محمود علی درانی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے پاس ٹھوس اطلاعات ہوتیں تو اسامہ بن لادن پاکستانی سکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہوتے-