رمضان پیکج کے تحت آٹے کے 20کلوگرام وزن کے 15لاکھ تھیلے عوام تک پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت نے 3کروڑ 33لاکھ 15 ہزارروپے سبسڈی فراہم کرنے کی منظوری دے دی

پیر 25 ستمبر 2006 17:00

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25ستمبر 2006 )صو بہ سر حد کے وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی نے گزشتہ تین سالوں کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے د وران صارفین کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے رمضان پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایک روپے فی کلوگرام کی رعایت دی جائے گی وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی تقسیم نہایت شفاف طریقے سے ہو،تاکہ مبارک مہینے میں غریب لوگ اس پیکج سے خاطرخواہ فائدہ اٹھاسکیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی منتخب حکومت محدودوسائل کے باوجود ماہ مقدس میں عام آدمی کو ریلیف دیناچاہتی ہے انہوں نے امید ظاہرکی کہ سالہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی کم نرخوں پر آٹے کی تقسیم منصفانہ بنیادپرکی جائے گی واضح رہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے باعث صوبائی حکومت 3کروڑ 33لاکھ 15 ہزارروپے بطور سبسڈی فراہم کرے گی تفصیلات کے مطابق عوام کیلئے اس ریلیف کے مقاصد میں رمضان المبارک کے دوران آٹے کی فراہمی کویقینی بنانااوردیگرغذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کوروکناہے گزشتہ تین سالوں کے دوران ایم ایم اے حکومت کے رمضان پیکج کوعوامی سطح پر بھرپورپذیرائی ملی ہے حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کی وجہ سے عام آدمی کو خاطرخواہ فائدہ پہنچاانہیں روزگارکے مواقع میسرآئے اورمجموعی طورپر مالی نظم وضبط اورغیرترقیاتی اخراجات میں کٹوتی سمیت دیگر اقدامات کی وجہ سے محاصل میں اضافہ ہوا رمضان پیکج کے تحت 20کلوگرام وزن کے 15لاکھ تھیلے تقسیم کیے جائیں گے ضلع چترال اورکوہستان میں فلورمل نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کے تناسب سے چترال اورکوہستان کے اضلاع میں بالترتیب 680اور 1025 ٹن گندم جاری کی جائے گی آٹے کی تقسیم کیلئے ہر ضلع میں ضلعی رابطہ افسرمتعلقہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے سیل پوائنٹ مقررکرے گاجہاں ضلعی رابطہ افسرکانمائندہ اورمحکمہ خوراک کااہلکارموجودہوگا ہرسیل پوائنٹ پر سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس کی ہوگی آٹے کی تقسیم صرف بیس کلوگرام تھیلے میں ہوگی جس کیلئے فلورمل مالکان کپڑے کے خصوصی تھیلے بنائیں گے جن پر جلی حروف میں رمضان پیکج 2006-07،وزن قیمت اورفلورمل کانام پرنٹ ہوگاتاکہ کوئی اس رعایت سے ناجائزفائدہ نہ اٹھاسکے پورے صوبہ سرحد کو 100صوبائی حلقوں میں تقسیم کیاجائے گا ہرحلقے کیلئے تین تین سیل پوائنٹ مقررکیے جائیں گے ۔