افغانستان سے فرار ہونے والاالقاعدہ رہنما عمر فاروق عراق میں ہلاک ،پرتشدد واقعات میں‌تین پولیس اہلکاروں سمیت بائیس افراد مارے گئے

پیر 25 ستمبر 2006 23:11

بغداد (اُردو پوائنٹ ) افغانستا ن میں امریکی قید سے فرار ہونے والے القاعدہ کے اہم رہنماء عمر فاروق کو عراق میں آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ تشدد کی دیگر کارروائیوں میں بائیس افراد مارے گئے ہیں‌۔عراق میں برطانوی فوج کے ترجمان کے مطابق عمر فاروق کو بصرہ میں مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا۔ آپریشن میں برطانیہ کے ڈھائی سو فوجی اہلکاروں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پینتالیس سالہ عمر فاروق کویت کا شہری تھا اور جنوب مشرقی ایشیا میں القاعدہ کا انچارج تھا۔اسے دوہزار میں انڈونیشیا میں‌گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں اسے افغانستان میں امریکی قید میں منتقل کردیا گیا۔جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔دوسری جانب عراق میں جاری تشدد کی مختلف کارروائیوں میں تین پولیس اہلکاروں سمیت بائیس افراد ہلاک ہوگئے، ان میں‌سے چودہ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملک کے مختلف مقامات سے ملی ہیں‌۔