افغانستان میں خودکش بم دھماکے اور نیٹو کے فوجی قافلے پر حملہ ، ایک اطالوی فوجی سمیت انیس افراد ہلاک

منگل 26 ستمبر 2006 11:44

کابل (اُردو پوائنٹ آن لائن۔ 26ستمبر 2006) افغانستان میں خود کش بم دھماکےاور نیٹو کے فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں ایک اطالوی فوجی سمیت انیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ہلمند میں صوبائی گورنر کے دفتر کے سامنے ایک خودکش بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق لشکر گاہ کے علاقے میں ہونے والا بم دھماکہ ممکنہ طور پر خود کش حملہ آور کی جانب سے کیا گیا ۔

دھماکہ کےوقت نیٹو کے فوجی بھی بڑی تعداد میں علاقے میں موجود تھے تاہم نیٹو کے ترجمان کے مطابق دھماکے سے کسی فوجی کو نقصا ن نہیں پہنچا ۔دوسری جانب کابل میں نیٹو کے فوجی قافلے کے قریب بم دھماکہ کے نتیجے میں ایک اطالوی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔مقامی پولیس سربراہ کے مطابق دھماکے سے پانچ شہری بھی زخمی ہوئے۔