پاکستان مسلم لیگ تمام چیلنجوں سے عہدہ برا ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب، پارٹی کی مفاہمت اور رواداری کی سیاست سے سیاسی نظام مستحکم ہوا ہے،وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایوان وزیر اعلیٰ میں مسلم لیگ لاہور کا اجلاس

بدھ 27 ستمبر 2006 17:42

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27ستمبر 2006 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تمام حکومتی پالیسیوں کی تشکیل میں پارٹی گائیڈ لائن اہم کردار ادا کررہی ہے۔پاکستان مسلم لیگ کی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کی بہتری اور ترقی کے لئے بہت سے میگا پراجیکٹس مکمل کررہی ہے ۔حکومت کے مثالی ترقیاتی پروگرام سے سماجی شعبے میں ترقی کا عمل تیز ہوا ہے اور صوبے کی اقتصادی و معاشی حالت بہتر ہوئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ تمام چیلنجوں سے عہدہ برا ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اس لئے پارٹی کو ہر سطح پر منظم کیا گیا ہے۔وہ ایوان وزیر اعلی میں پاکستان مسلم لیگ لاہور کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ، مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین ، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر سیاحت میاں اسلم اقبال ، صوبائی وزیر خصوصی تعلیم قدسیہ لودھی، صوبائی وزیر بہبود آبادی نسیم لودھی، صلع ناظم لاہور میاں عامر محمود، مسلم لیگ پنجاب شعبہ خواتین کی صدر شاہانہ فاروقی، مسلم لیگ لاہور کے صدر میاں منیر ، جنرل سیکرٹری سہیل بٹ اور لاہو رسے تعلق رکھنے والے ٹاؤن ناظمین اجلاس میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت قومی یکجہتی کے فروغ اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لئے تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔حکومت نے قومی فکر کو فروغ دے کر جمہوری نظام کو مستحکم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے مثبت اور جمہوری طرز عمل سے نہ صرف پارٹی مضبوط ہورہی ہے بلکہ جمہوری کلچر بھی پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مفاہمت اور رواداری کی سیاست سے سیاسی نظام مستحکم ہوا ہے۔

حکومت کی بہترین اقتصادی حکمت عملی کی بدولت غربت کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصلاحات کے پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔مسلم لیگ کی حکومت عوام کی خوشحالی، قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول اور جمہوری اقدار کی سربلندی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات کو نمائندگی حاصل ہے پارٹی کے تمام ونگز کو فعال بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کے نظام میں اختیارات مقامی سطح پر منتقل ہونے سے سماجی ترقی کا عمل تیز ہوا ہے اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے مقامی حکومتوں کو گزشتہ سال کی نسبت زائد فنڈز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصلاحات کے پروگرام سے ہر شعبے میں نمایاں تبدیلی واقع ہوئی ہے اور اس کی استعداد کار بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت غربت کے خاتمے ، اقتصادی و سماجی ترقی کے مقاصد کی تکمیل کے جذبے سے سرشار ہو کر عوامی خدمت کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔