افغانستان میں طالبان کا تابڑ توڑ حملوں میں 20 امریکی فوجیوں سمیت 30 اتحادیوں کو ہلاک، 4 ٹینک اور 5 گاڑیاں تباہ کرنے کا دعویٰ،جھڑپوں و خودکش حملوں میں 19 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 7 طالبان بھی جاں بحق ہوگئے، طالبان ترجمان،پکتیکا آپریشن میں 8 طالبان ہلاک اور 16 کو گرفتار کر لیا، اتحادی افواج

بدھ 27 ستمبر 2006 22:14

قندھار/کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2006ء) افغانستان میں طالبان نے تابڑ توڑ حملوں و خودکش دھماکوں کے دوران 20 امریکی فوجیوں سمیت 30 اتحادیوں کو ہلاک، 5 گاڑیاں اور 4 امریکی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان جھڑپوں میں 7 طالبان بھی جاں بحق ہوگئے تاہم اس دوران 19 افغان پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوگئے تاہم امریکی و اتحادی افواج نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے 8 طالبان کو ہلاک کرنے اور 16 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک ایرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز طالبان نے افغانستان کے صوبہ قندھار، ہلمند اور اورزگان سمیت مختلف علاقوں میں امریکی و اتحادی فوجوں پر تابڑ توڑ حملے کر کے 18 امریکی فوجیووں سمیت 30 اتحادی فوجیوں اور 19 افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے اتحادی فوجیوں میں 5 اطالوی بھی شامل ہیں جبکہ اتحادی فوجیوں کی 5 گاڑیاں اور 4 امریکی ٹینک بھی جھڑپوں میں تباہ کر دیئے گئے جبکہ متعدد اتحادی فوجی زخمی بھی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایک ایرانی ریڈیو کے مطابق طالبان کے ترجمان محمد حنیف نے ایک نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر بتایا کہ طالبان کے فدائین نے افغانستان کے جنوبی صوبوں ہلمند، قندھار اور اورزگان میں خود کش حملوں اور جھڑپوں کے نتیجے میں 18امریکی اور 5اطالوی فوجیوں سمیت 42 سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکوں سے پانچ حملہ آور بھی شہید ہوگئے انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے واقعہ میں طالبان جنگجوؤں نے کابل کے جنوبی علاقے میں ایک اطالوی فوجی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے اڑا دیا جس میں کم از کم 5 اطالوی فوجی ہلاک ہوگئے۔

دریں اثناء خوست ائیر پورٹ کے باہر دو خود کش حملہ آوروں نے ایک امریکی فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد اتحادی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔ طالبان ترجمان کے مطابق اس واقعے میں 2 امریکی بھی مارے گئے واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔ ادھر طالبان کے ایک اور ترجمان محمد یوسف نے ایرانی ریڈیو کو فون کرکے بتایا ہے کہ طالبان اور اتحادی فوجیوں کے درمیان صوبہ اورزگان میں گزشتہ روز شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 18امریکی ہلاک ہوگئے انہوں نے بتایا کہ اس لڑائی میں چار امریکی ٹینک بھی تباہ کردیئے گئے انہوں نے جھڑپوں میں دو جنگجوؤں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ۔

جبکہ ادھر جنوبی صوبے قندھار میں نیٹو فورسز پر خودکش حملے میں ایک راہ گیر زخمی ہوگیا جبکہ خودکش بمبار کے جسم کے چیتھڑے اڑ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو صوبہ قندھار کے نواحی علاقے میں ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی نیٹو فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں اس کی گاڑی تباہ ہوگئی اور اس کے جسم کے چیتھڑے اڑ گئے جبکہ حملے میں ایک راہ گیر زخمی ہوگیا تاہم فوری طور پر نیٹو فورسز کے کسی اہلکار کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی عینی شاہدین نے بتایا کہ نیٹو فورسز کا قافلہ قندھار کے نواحی علاقے میں ایک پولیس سٹیشن کے قریب سے گزر رہا تھا کہ اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اس سے ٹکرا دی تاہم اس دوران نیٹو فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اس دوران ایک راہ گیر زخمی ہوگیا تاہم خودکش حملے میں استمال ہونیوالی کار تباہ اور حملہ آور ہلاک ہوگیا جس کے جسم کے چیتھڑے اڑ گئے دھماکے کے بعد اتحادی و نیٹو فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں ناکہ بندی کردی دوسری جانب طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے طالبان ترجمان قاری محمد یوسف نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو سیٹلائٹ فون کے ذریعے بتایا کہ یہ دھماکہ طالبان نے کیا ہے اور اس میں شہید ہونے والا ایک طالبان رکن تھا انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس خودکش حملے میں سات اتحادی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اس خودکش حملے میں نیٹو فورسز کی متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں تاہم قاری یوسف نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والے غیر مکی فوجیوں کا تعلق کس ملک سے تھا۔

دوسری جانب اتحادی فوج نے آپریشن میں 8 طالبان کو ہلاک اور16 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق مشرقی صوبوں میں جاری بڑے آپریشن کے دوران صوبہ پکتیکا میں 8 مشتبہ طالبان کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ کارروائی میں 16 طالبان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ آپریشن ماؤنٹین فیوری میں 700 افغان اور اتحادی فوجی حصہ لے رہے ہیں۔