ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایم ایم اے حکومت کی وجہ سے محکموں اوراداروں کی پہچان ہوئی ہے اور انہیں فعال بنایا گیا ہے ،وزیر زراعت

جمعرات 28 ستمبر 2006 15:42

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28ستمبر 2006 ) صوبہ سرحد کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور امداد باہمی قاری محمود نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے جبکہ صوبے کے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے مختلف اضلاع میں اجتماعی وعوامی نوعیت کی لا تعداد سکیموں پر ترقیاتی کام شروع کیا گیا ہے جن کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کی منزل کے حصول میں نمایاں مدد ملے گی یہ بات انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی قاری محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سرحد محمداکرم خان درانی کی زیر قیادت صوبہ بھر میں فلاحی کام تیزی سے جاری ہیں جنہیں انشاء الله بروقت مکمل کیا جائے گا انہو ں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے پیش کردہ زرعی پالیسی 2005 پر تیزی سے عمل درآمد شروع ہے اور اس کے دور رس اثرات بہت جلد سامنے آئیں گے وزیرزراعت نے کہا کہ موجودہ حکومت لائیو سٹاک کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایم ایم اے حکومت کی وجہ سے محکموں اوراداروں کی پہچان ہوئی ہے اور انہیں فعال بنایا گیا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ڈیری فارمنگ کی ترقی اور بھینسوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے آٹھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ زرعی شعبے میں کسانوں اور زمینداروں کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے میں بے روزگاری میں بھی کمی لائی جا سکے قاری محمود نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ حکومت سے اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ ایم ایم اے حکومت تمام محکموں اور اداروں میں مزید مثبت اصلاحات لانے کیساتھ ساتھ ایک فلاحی و اسلامی معاشرے کا قیام بھی عمل میں لا سکے

متعلقہ عنوان :