پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کا سفارتی اقتصادی اور سیاسی وقار بحال کیا ہے ، شوکت عزیز

جمعرات 28 ستمبر 2006 19:16

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 28ستمبر2006 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کا سفارتی اقتصادی اور سیاسی وقار بحال کیا ہے اور مسلم لیگ آئندہ سال عام انتخابات اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑیگی ۔ جمعرات کو وزیر اعظم ہاؤس میں سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ استحکام ، ترقی اور بلوچستان کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے اس مقصد کیلئے جامع حکمت عملی تیا ر کی گئی ہے جس کے تحت سیاسی اور اقتصادی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

وزیر اعظم نے کہاک صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو ملکی تاریخ کا اہم واقعہ ہیں حکومت پینے کے صاف پانی بجلی سڑکوں صحت اور تعلیم کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان پر اربوں روپے لگا رہی ہے اور کسی کو صوبے کی ترقی کی رفتار میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں جس کے باعث حکومت مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرچکی ہے تاکہ انہیں خالی آسامیوں پر بھرتی کیا جاسکے ۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر سخت کارروائی کی جائے گی صوبائی حکومتو ں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضروری اشیاء کی مناسب فراہمی یقینی بنانے اور رجسٹریسی نظام کے تحت قیمتوں پر نظر رکھنے کو یقینی بنائیں ۔ میر ظفر اللہ خان جمالی نے وزیر اعظم سے مجموعی سیاسی صورت حال اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا وزیر اعظم نے ان سے ان کے بھانجے میر علی اکبر جمالی کے انتقال پر تعزیت کیا اور دعا کی اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔

متعلقہ عنوان :