مقامی اور بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھ کر موجودہ قوانین میں ترمیم اورنئی قانون سازی کر رہے ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز،مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، ڈی پی اے کھاد کی قیمت میں کمی حکومت کاتاریخی اقدام ہے، وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی سے بات چیت

جمعرات 28 ستمبر 2006 20:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28ستمبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت اپنے وسیع البنیاد اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت مقامی اور بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھ کر موجودہ قوانین میں ترمیم اور نئی قانون سازی کر رہی ہے، مسلم لیگ اوراس کی اتحادی جماعتوں کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، ڈی پی اے کھاد کی قیمت میں کمی حکومت کا تاریخی اقدام ہے جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

وہ جمعرات کے روز یہاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی سے بات چیت کر رہے تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر سے آئندہ قومی اسمبلی اجلاس کے پارلیمانی کیلنڈر اور متعارف کرائے جانے والے قوانین پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے کے ایک حصے کے طور پر موجودہ قوانین میں ترمیم اور نئی قانون سازی متعارف کرا رہی ہے تاکہ بدلتے ہوئے حالات اور ضروریات کا مقابلہ کیا جا سکے اور اپنے قوانین کو مزید موثر بنایا جا سکے اسی لئے مقامی اور بین الاقوامی حالات کے مطابق قانون سازی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اورانہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی استحکام اور معاشی ترقی سے مزید مواقع پیدا ہوئے ہیں ہیں غربت میں کمی آئی ہے اورروزگار کے مواقع بڑھے ہیں، ڈی پی اے کھاد کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی فیصلہ تاریخی ہے جس کا مقصد پیداوار اور کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے آمدنی میں اضافے سے دیہی علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔

وفاقی وزیر شیر افگن نیازی نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے حکومت اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے رمضان پیکج پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہاکہ عوام کو بنیادی ضرورت کی اشیاء، یوٹیلٹی سٹورز سے مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں، وفاقی وزیر نے اپنے حلقے میں ہونے اولے ترقیاتی کاموں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔