ٹوبیکو کمپنیاں کارٹیل بنا کر کاشتکاروں کو تمباکو کی بہت کم قیمت ادا کرتی ہیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی، تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور ریلیف فراہم کرنے کے لئے سب کمیٹی کی تشکیل

جمعہ 29 ستمبر 2006 15:52

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29ستمبر 2006 ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے ٹوبیکو کمپنیوں کی طرف سے کارٹیل بنا کر کاشتکاروں کو تمباکو کی مناسب قیمت ادا نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمباکو کے کاشتکاروں کی شکایات دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کی سربراہی میں ہوا۔

اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی مسز عابدہ آصف مسز افسر بیگم سید نوید قمر رانا طارق جاوید صاحبزادہ ہارون رشید محمد حنیف عباسی محمد پرویز ملک محمد عثمان خا ن مولانا گوہر شاہ مولانا احمد غفور بختیار مانی شیر اکبر خان مولانا عبد المالک مولانا رحمت اللہ خلیل شریک تھے کمیٹی نے ٹوبیکو کمپنیوں کی طرف سے کاشتکاروں سے انتہائی کم قیمت پر تمباکو کی خرید اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ میں ریکروٹمنٹ کا جائزہ لیا کمیٹی نے کہا کہ ٹوبیکو کمپنیوں کیطرف سے کارٹیل بنانے کے سبب تمباکو کی قیمت خرید میں کوئی قابل ذکر اضافہ نہیں ہوا علاوہ ازیں کاشتکاروں کو بہتر کوالٹی والے بیج بھی فراہم نہیں کئے جارہے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ پیداوار اور بیجوں کی فراہمی کیلئے ریسرچ کے شعبہ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا کمیٹی نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی شکایات دور کرنے اور ان کی فصلو ں کی بہتر قیمت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرے اس ضمن میں قائمہ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات پر غور کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :