مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فوج نے مزید 3کشمیریوں کو شہید کر دیا‘ 10گرفتار،نوکری سے دلبرداشتہ بھارتی فوجی اہلکار کی خودکشی‘ 2ٹریفک حادثے میں ہلاک

ہفتہ 30 ستمبر 2006 12:37

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30ستمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 3کشمیری شہید اور 10 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک بھارتی اہلکار نے نوکری سے تنگ آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ٹریفک حادثے میں 2 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں اور کپواڑہ میں 2 مختلف واقعات کے دوران 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں لشکر طیبہ کا ایک ضلعی کمانڈر بھی شامل ہے ۔ دریں اثناء جموں کے ایک نواحی علاقے میں بھی بھارتی فوج نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ادہر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ مقامی حکام کے مطابق اہلکار نوکری سے دلبرداشتہ تھا ۔ ادہرجموں میں پولیس سٹیشن سے 2 مجاہدین دوران حراست نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس کے باعث بھارتی فوجی حکام نے ایک سینئر پولیس آفیسر اور ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا ہے۔ ٹریفک حادثہ جموں کے علاقے ڈوڈا میں پٹی محل میں پیش آیا۔ زخمی فوجی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔