مسلم لیگ کی صد سالہ تقریبات کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی

ہفتہ 30 ستمبر 2006 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر۔2006ء) پاکستان ٹیلی ویژن نے مسلم لیگ کی صد سالہ تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کیلئے کئی خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن میں تحریک پاکستان کے قومی ہیروزکی خدمات اورقیام پاکستان میں مسلم لیگ کی جدوجہد کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ہفتہ کے روز یہاں مسلم لیگ کی صد سالہ تقریبات کے حوالے سے اجلاس میں کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید اوراطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت طارق عظیم نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر پیش کئے جانے والے پروگراموں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ مشاہد حسین سید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی صد سالہ تقریبات کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن پر تحریک پاکستان کے تمام پہلو اجاگر کئے جائیں گے جن میں زندگی کے تمام شعبوں خاص طور پر صحافیوں، وکلاء، اقلیتوں، نوجوانوں اورخواتین کی خدمات کے حوالے سے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم نے کہا کہ اس موقع پر نشر کئے جانے والے پروگراموں میں پاکستانیت کا جذبہ ابھارا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پی ٹی وی اور پی بی سی کی ویب سائٹس پر دیئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ استفادہ کر سکیں۔ پی ٹی وی کے ایم ڈی اشرف عظیم نے اجلاس کو بتایا کہ خصوصی پروگرام تیاری کے مراحل میں ہیں یہ پروگرام اس سال 6 نومبر سے آئندہ سال 23 مارچ تک پیش کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ اورقائد اعظم کے حوالے سے پروگراموں کو مزید دلچسپ اور معلوماتی بنانے کے حوالے سے کئی تجاویز پیش کی گئیں۔