Live Updates

گرینڈ الائنس کی تشکیل کیلئے سیاسی جماعتوں میں اہم نکات پر اصولی اتفاق رائے ہو چکا ، اتحاد کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ، تمام سیاسی جماعتیں مل کر بحالی جمہوریت، فوج کی واپسی اور اقتدار کی منتقلی کیلئے مل کر اجتماعی کردار ادا کرنے پر تیار ہیں، سیاسی جماعتوں کو توڑنے اور ان میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے کی ہر حکومتی سازش ناکام بنا دیں گے، قاضی حسین احمد، مخدوم امین فہیم ،،عمران خان اورحافظ حسین احمدکی جماعت اسلامی کی طرف سے سفیروں اور ممتاز سیاستدانوں کے اعزاز میں دیئے گئے ڈنر کے موقع پر بات چیت

اتوار 1 اکتوبر 2006 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ یکم اکتوبر 2006ء) متحدہ مجلس عمل ، اے آر ڈی ، اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس کی تشکیل کیلئے سیاسی جماعتوں میں اہم نکات پر اصولی اتفاق رائے ہو چکا ہے اس الائنس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے تمام سیاسی جماعتیں مل کر بحالی جمہوریت فوج کی واپسی اور اقتدار کی منتقلی کیلئے مل کر اجتماعی کردار ادا کرنے پر تیار ہو چکی ہیں سیاسی جماعتوں کو توڑنے اور ان میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے کی ہر حکومتی سازش اور کوشش کو ناکام بنا دیں گے ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے کے سربراہ قاضی حسین احمد اے آر ڈی کے سربراہ مخدوم امین فہیم ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، ایم ایم اے کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حافظ حسین احمد نے اتوار کو جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے سفیروں اور ممتاز سیاستدانوں کے اعزاز میں دیئے جانے والے خصوصی افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ایم ایم اے کے سربراہ اور امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی تشکیل کیلئے ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا جائے اور ان میں گرینڈ الائنس کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اس مقصد کیلئے سیاسی جماعتوں کے مابین اہم نکات پر اتفاق رائے موجود ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے قوم کو اس صورت حال میں پیدا ہونا پڑے گا اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر اس عظیم مقصد کیلئے سیاسی جدوجہد کرنا پڑے گی انہوں نے کہا کہ ایک فرد واحد کو ملک اور قوم کے فیصلے کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے صدر مشرف کو آرمی چیف کا عہدہ چھوڑنا ہوگا ایک فرد واحد کو ملک ، قوم اور فوج پر مسلط ہے جو بنیادی نظریئے کے خلاف ہے قاضی حسین احمد نے کہا کہ صدر مشرف نے بطور صدر اور آرمی چیف کتاب لکھ کر دستور کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کتاب میں جو کچھ لکھا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے اور قومی نظریے کے منافی ہے قاضی حسین احمد نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حکومت ایم ایم اے کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے جس کیلئے وہ لیڈر شپ کے مابین غلط فہمیاں پیدا کررہی ہے مگر حکومت کو اس حوالے سے ناکامی ہوگی ایم ایم اے ایک ہے اور رہے گی انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور سیاسی جماعتوں میں اس حوالے سے کافی حد تک اعتماد پیدا ہو چکا ہے اے آر ڈی کے سربراہ مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ مشترکہ اپوزیشن موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہی ہے گرینڈ الائنس کے حوالے سے کافی حد تک اتفاق رائے ہو چکا ہے تمام سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہیں فوج کو واپس بھجوانا ، جمہوریت کو لانا اور آئین کی بحالی اس الائنس کے اہم نکات میں شامل ہے اور باقی دوسرے نکات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے حکومت اور بے نظیر بھٹو کے مابین ون ٹو ون رابطوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں مخدوم امین فہیم نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے حکومت اور بی بی کے مابین مذاکرات نہیں ہورہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بیان شیخ رشید احمد نے جاری کیا ہے اور وہ تو بادشاہ ہیں جن کے یہاں پر میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا صدر مملکت کی کتاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں مخدوم امین فہیم نے کہا کہ میں نے ابھی تک کتاب نہیں پڑھی جس پر ایک صحافی نے ان سے کہا کہ آپ کو کتاب مل نہیں رہی یا خریدنا نہیں چاہتے جس پر مخدوم امین فہیم نے کہا کہ مجھے ویسے بھی جنرل مشرف کی کتاب پڑھنے کی کوئی جلدی نہیں ہے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ میں اس بات پر قائم ہوں کہ اپوزیشن فرینڈلی ہے اور اگلے دو ماہ میں عوام خود دیکھ لیں گے کہ کون سے حکومت کے خلاف تحریک میں شامل ہیں اور کون سے نہیں عمران خان نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے مابین رابطے جاری ہیں صدر مملکت کی کتاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ یہ کتاب انہوں نے اپنی ذات کی مشہوری کیلئے لکھی ہے اور اسی کتاب سے امریکہ سمیت پوری دنیا میں پاکستان کا امیج متاثر ہوا ہے ایم ایم اے کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حافظ حسین احمد نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد گرینڈ الائنس کی تشکیل مکمل ہو جائے گی ایم ایم اے ، اے آر ڈی تحریک انصاف ، پونم سمیت دیگر جماعتیں اس میں شامل ہونگی اور اہم نکات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جن سیاسی جماعتوں کے تحفظات ہیں ان کو دور کیا جارہا ہے تاہم تین اہم اور بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں میں موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے مکمل ہم آہنگی اور یکجہتی ہے اور اس سلسلے میں جلد عوام کو خوشخبری سنائیں گے جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں ڈنمانرک ، چائنا ، جاپان ، روس ، بوسنیا ، ناوے ، آذر بائیجان ، جرمنی ، انڈونیشیاء ، ایران ، سعودی عرب ، مصر ، سلطنت عمان ، تاجکستان ، کینیڈا ، یو این او چیک ریبپلک کے سفیروں پروفیسر خورشید احمد ، راجہ ظفر الحق ، عمران خان ، جنرل حمید گل ، مشاہد حسین سید ، عبدالغفار عزیز ، امین فہیم ، حافظ حسین احمد ، عبدالغفور حیدری ، مولانا عبدالمالک ایم این اے ، میاں محمد اسلم ایم این اے ، عبدالرشید ترابی اور دیگر نے شرکت کی اسلامی ممالک کے سفیروں اور تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان مشترکہ نماز مغرب ادا کی جماعت اسلامی کا افطار ڈنر ایک بڑے سیاسی اجتماع کی شکل اختیار کر گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات