سابق آرمی چیف سورایود چولانونٹ نے تھائی لینڈ کے عبوری وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اتوار 1 اکتوبر 2006 20:44

بنکاک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ یکم اکتوبر 2006ء) تھائی لینڈ کے سابق آرمی چیف سورایود چولانونٹ نے ملک کے عبوری وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ تھائی حکومت کا تختہ الٹنے والے آرمی چیف جنرل سوندھی نے ان سے حلف لیا۔ تھائی لینڈ کے بادشاہ نے عبوری وزیر اعظم کے لئے چولانونٹ کی منظوری دی تھی جبکہ عبوری وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی خوشیوں کو اقتصادی ترقی پر ترجیح دیں گے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز یہاں منعقدہ ایک تقریب میں سابق آرمی چیف سورایود چولانونٹ نے ملک کے عبوری وزیر اعظم کے طور پراپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ جبکہ تھاکسن شینا وترا کا تختہ الٹنے والے آرمی چیف جنرل سوندھی نے ان سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد عبوری وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی خوشی کو وہ اقتصادی ترقی پر ترجیح دیں گے۔

جنرل سوندھی نے تقریب کے دوران اعلان کیا کہ تھائی لینڈ کے شاہ نے عبوری وزیر اعظم کے طور پر چولانونٹ کے نام کی منظوری دی ہے۔ توقع ہے کہ تھائی لینڈ کی عبوری کابینہ کا اعلان ایک ہفتے میں کر دیا جائے گا۔ سورایود چولانونٹ نے چالیس برس فوج میں ملازمت کی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وزیر اظم انیس ستمبر کے بعد سے ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام پر قابو پا لیں گے۔

متعلقہ عنوان :