عرب امارات کے پہلے پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

پیر 2 اکتوبر 2006 15:12

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2006ء) متحدہ عرب امارات کی وزراء کونسل نے اعلان کیا ہے کہ امارات کے پہلے پارلیمانی انتخابات آئندہ دسمبر میں ہوں گے جس میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ ایک عربی ٹی وی کے مطابق امارات کے نائب صدر،سپیکر اسمبلی اور دبئی کے گورنر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وزراء کونسل نے فیصلہ کیا کہ انتخابات 16,18 اور 20 دسبر کو کروائے جائینگے۔

(جاری ہے)

امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے گزشتہ سال دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ پارلیمانی انتخابات جزوی طور پر ہوں گے۔ اعلان میں کہا گیا تھا کہ 40 ارکان پر مشتمل متحدہ کونسل کے منصف کا انتخاب انتخابی کمیٹی کے تحت متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں دبئی‘ ابوظہبی‘ شارجہ‘ عجمان‘ الفجیرہ‘ راس الخیمہ اور ام القیوین میں کروایا جائے گا جبکہ باقی نصف ارکان کا انتخاب ساتوں ریاستوں کے گورنرز کریں گے۔ کمیٹی نے انتخابی مہم کے لئے 4.35 ملین ڈالرز مختص کئے ہیں۔