بالاکوٹ میں پانی کی شدید قلت، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 2 اکتوبر 2006 20:40

بالاکوٹ(اُردوپوائنٹ تازہ ترین، 2اکتوبر 2006ء) ) زلزلے سے متاثرہ صوبہ سرحد کے علاقے بالاکوٹ میں پانی کی شدید کمی اب تک برقرار ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس شہر کو قدرتی آفت کے بعد سے روزانہ ایک نئے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آج کل یہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا شکار ہے۔ شہر آج بھی ملبے کا ڈھیر محسوس ہوتا ہے، ایک ایسا ڈھیر جس میں سے آج بھی لاشیں نکالی جا رہی ہیں، عارضی خیمہ بستیاں ختم ہوئی ہیں لیکن خیمے نہیں اور امدادی تنظیمیں کم ہوئی ہیں لیکن امداد کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کی بڑی تعداد آج بھی متبادل رہائش نہ ملنے پر خیموں میں راتیں بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ آٹھ اکتوبر کے بعد سے نت نئے مسائل اس کے باسیوں کو پریشان کیئے ہوئے ہیں۔ کبھی متبادل رہائش، امداد نہ ملنے کا مسئلہ ہے، تو کبھی تعمیرات کے لئیے ناموزوں قرار دیئے جانے کی پریشانی کا سامنا ہے۔ آج کل اس شہر کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ بالاکوٹ کے چند شہریوں سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں انہیں پینے کے لیئے پانی کوسوں دور سے لانا پڑتا ہے۔ شہر میں ایک مسجد کے قریب ایک کنویں پر لمبی قطاریں ظاہر کرتی ہیں کہ امداد کے بعد اب پانی کے لیئے بھی متاثرین کو قطاریں بنانی پڑ رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :