تامل باغیوں نے ناروے میں سری لنکن حکومت سے بات چیت پر رضا مندی ظاہر کر دی

منگل 3 اکتوبر 2006 21:08

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔2006ء) سری لنکا میں تامل باغیوں نے 28 اکتوبر کو ناروے میں سری لنکن حکومت سے بات چیت کرنے کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے جبکہ سری لنکن حکومت نے بعض پارلیمانی مجبوریوں کے بعض بات چیت کیلئے کوئی اور تاریخ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے منگل کو تامل باغیوں نے ناروے کے قیام امن کے خصوصی وفد کو بتایا کہوہ اٹھائیس اکتوبر کو ناروے کے دارلحکومت اوسلو میں سری لنکن حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں ناروے کے وفد کے سربراہ جان ہنسن بیور نے ملک کے جنوبی علاقے میں باغیوں کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں حکومت سے بات چیت کیلئے رضا مند کیا دوسری جانب سری لنکن حکومت نے وفد کو بتایا کہ بعض پارلیمانی مجبوریوں کے باعث وہ تیس اکتوبر یا پھر دس نومبر کیلئے باغی رہنماؤں سے بات چیت کرنے کی خواہش رکھتی ہے تاہم تا حال اوسلو میں باغی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کیلئے واضح طورپر سری لنکن حکومت کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔