شمالی کوریا کا ایٹمی تجربہ اشتعال انگیز کارروائی ہوگی‘ امریکہ

بدھ 4 اکتوبر 2006 12:04

قاہرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین، 4اکتوبر 2006ء ) امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کا تجربہ ایک اشتعال انگیز کارروائی ہوگی‘ شمالی کوریا کا ایٹمی تنازعہ تمام ہمسایہ ممالک کیلئے بھی تشویش کا باعث ہے‘ امریکہ کارروائی کیلئے تمام آپشنز پر غور کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ کی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے گزشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبر دار کیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کا تجربہ ایک اشتعال انگیز کارروائی ہوگی۔ پیانگ یانگ کا ایٹمی تنازعہ نہ صرف امریکہ بلکہ اس کے تمام ہمسایہ ممالک کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ شمالی کوریا کے خلاف طاقت کے استعمال کے سوال پر وزیر خارجہ رائس نے کہا کہ امریکہ تمام آپشنز پر غور کرے گا اور خطے کے دیگر ممالک بھی شمالی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کریں گے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے منگل کے روز ایٹمی ہتھیاروں کا تجربہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :