صدر مشرف کی کتاب میں ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں متنازعہ الفاظ پر پیپلزپارٹی آزادکشمیر کا سخت احتجاج

بدھ 4 اکتوبر 2006 12:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین، 4اکتوبر 2006ء ) صدر مشرف کی کتاب میں ذوالفقار علی بھٹو بارے میں متنازعہ الفاظ پر آزادکشمیر بھر میں پیپلزپارٹی کا شدید احتجاج ۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزاکشمیر کے سرکردہ سیاسی قیادت نے صدر پرویز مشرف کی کتاب ”ان دی لائن آف فائر “میں پیپلزپارٹی کے بانی وسابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں متنازعہ الفاظ استعمال پر سخت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اس پر شدید احتجاج کیا ہے ۔

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو تیسری دنیا کے عظیم انقلاب لیڈر تھے جن کی صلاحیتوں کا اعتراف جنرل پرویز مشرف از خود کرچکے ہیں ۔نجانے کس کو خوش کرنے کیلئے بھٹو جیسے بڑے آدمی کے خلاف متنازعہ الفاظ کو کتاب میں شامل کیا گیا جو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ بھٹو جیسے بڑے لیڈر کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے باوجود دہرا معیار اپنایا بھٹو کیا تھا یہ ساری دنیا جانتی ہے ۔

اسلام مخالف اوراینٹی پاکستان قوتوں نے بھٹو جیسے لیڈر کو ختم کروایا ۔سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر وپی پی کے رہنما خواجہ مقبول وار ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھٹو ایشیاء کا بڑا لیڈ ر تھا ۔صدر مشرف کی کتاب میں بھٹو بارے متنازعہ الفاظ کا استعمال پر سخت احتجاج کرتے ہیں ۔حقائق کو کسی طور پر مسخ نہیں کیا جاسکتا۔ بھٹو کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔

پیپلزپارٹی سٹی مظفرآباد کے آرگنائزر ذوالفقار وانی نے کہا کہ بھٹو بڑا لیڈر تھا ان کے خلاف پہلے بھی بہت کچھ لکھا گیا لیکن آمرانہ قوتیں آج تک بھٹو کا نام نہ مٹا سکیں بھٹو زند ہ رہے گا۔اوراس کے چاہنے والوں میں کمی نہیں آئے گی ۔پی ایس ایف کے ضلعی صدر انیس شیخ نے کہا کہ بھٹو کے خلاف کسی امر کے الفاظ سے کچھ فرق نہیں پڑتا نہ ہی کوئی بھٹو بن سکتا ہے ۔