بھارت ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے الزامات لگانے کی بجائے پاکستان سے براہ راست بات چیت کرے‘ امریکہ،الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ ہی کوئی مقصد حاصل ہو گا، امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے مذاکرات کا رستہ اختیار کریں گے‘ امریکی سفیر ریان سی کروکر کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 4 اکتوبر 2006 19:38

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04اکتوبر2006) امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے الزامات لگانے کی بجائے پاکستان سے براہ راست بات چیت کرے۔ بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفیر ریان سی کروکر نے کہا کہ بھارت ممبئی بم دھماکوں سے حوالے سے الزامات لگانے کی بجائے پاکستان سے براہ راست رابطہ کر کے اس بارے میں بات چیت کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک غلط فہمیوں کے خاتمے کے لئے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھیں گے۔ ریان سی کروکر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات معمول پر لانے کے لئے مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ ہی اس سے کوئی مقصد حاصل ہو گا۔ ہوانا میں صدر مشرف اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ریان سی کروکر نے کہا کہ امریکہ نے دونوں رہنماؤں کے جذبہ کی تعریف کی ہے۔