دہشت گرد نہیں ، مجھے بھارت کے حوالے نہیں کیا جائے گا ، سید صلاح الدین

بدھ 4 اکتوبر 2006 22:20

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر۔2006ء) مقبوضہ کشمیر میں برسرپیکار سب سے بڑی جہادی تنظیم کے کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار نہیں دیتا اور تمام سیاسی اور جہادی رہنماؤں کوجیلوں سے رہا نہیں کرتا اس وقت تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی اپنے ایک انٹرویو میں سید صلاح الدین نے گزشتہ ماہ ہوانا میں صدر پرویز مشرف اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے درمیان ہونے والی ملاقات کو لا حاصل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ پچاس سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان اس جیسے تیس سے زیادہ مذاکرات ہوئے ہیں لیکن تمام کے تمام بے سود رہے ، بھارتی سیکرٹری خارجہ شیوشنکر مینن کے اس مطالبہ پر کہ پاکستان سید صلاح الدین اور داؤد ابراہمی کو بھارت کے حوالہ کر دے انہوں نے کہا کہ ایسا ہونا خارج از امکان ہے کیونکہ وہ دہشت گرد نہیں بلکہ حریت پسند ہیں اورآزادی کی ایک جائز جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان سمیت تما م بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کا چارٹر بھی کشمیر کی تحریک آزادی کا قائل ہے اس سوال کے جواب میں کہ آیا وہ رمضان میں جنگ بندی کریں گے انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے متعلق کوئی بھی فیصلہ متحدہ جہاد کونسل کرسکتی ہے اور حزب المجاہدین سب سے بڑی گوریلا تنظیم ہونے کے باوجود تنہا یہ فیصلہ نہیں کرسکتی ۔

متعلقہ عنوان :