سری نگر کے لال چوک میں حملہ آوروں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ پھر شروع ہوگئی،فائرنگ کے تبادلے میں پانچ بھارتی اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک

جمعرات 5 اکتوبر 2006 13:15

سری نگر کے لال چوک میں حملہ آوروں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے درمیان ..
سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) مقبوضہ کشمیرکے دارالحکومت سری نگر کے معروف لال چوک کے قریب گزشتہ روز سے ایک ہوٹل کا محا صرہ جاری ہے اور طویل وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ہے۔بدھ سے جاری فائرنگ کے تبادلے میں اب تک دو حملہ آور اور پانچ بھارتی سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔جبکہ ایک شہری بھی بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آکرجاں‌بحق ہوگیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ سے دیگر پندرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور لال چوک پر واقع اکھاڑہ بلڈنگ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے مرکز پر خود کش حملے کی نیت سے داخل ہونا چاہتے تھے۔لیکن سخت سیکورٹی کے باعث وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہوسکے اور گرینیڈ سے حملہ کرکے اسٹینڈرڈ ہوٹل میں داخل ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے اسٹینڈرڈ ہوٹل کو بدھ سے گھیرے میں لے رکھا ہے اور دوطرفہ فائرنگ کاسلسلہ طویل وقفے کے بعد پھر شروع ہوگیا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ہوٹل میں دھماکہ خیز مواد نصب کردیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی غیر معروف تنظیم المنصورین نے بھارتی میڈیا سے رابطہ کرکے اس کارروائی میں ملوث ہونے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین فدائی حملہ آور آپریشن میں شریک ہیں۔
سری نگر کے لال چوک میں حملہ آوروں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے درمیان ..