آزاد کشمیر میں ڈاؤن سائزنگ نہیں ہوگی‘ انتظامیہ کو فعال بنایا جائے گا‘ سردار عتیق

جمعرات 5 اکتوبر 2006 13:25

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ڈاؤن سائزنگ نہیں کریں گے تعمیراتی ڈیپارٹمنٹ میں کنسلٹنٹ بھرتی کئے جائیں گے خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کیا جائے گا انتظامیہ میں بہتری لائی جائے گی نئے لوگوں کو بھی آگے لایا جائے گا انتخابات کے دوران عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے متاثرین زلزلہ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مظفر آباد اور باغ میں شہر بنائے جائیں گے۔

افضل گورو کی سزائے موت رکوانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کشمیر ہاؤس میں آزاد کشمیر انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انتظامی افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے اس بات کو واضح کیا کہ انتظامیہ میں ڈاؤن سائزنگ کا کوئی فیصلہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ کے تعمیراتی ڈیپارٹمنٹ میں کنسلٹنٹ بھرتی کئے جائیں گے تاکہ عالمی معیار کے مطابق تعمیرات ہوسکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے عوام کی بھرپور رہنمائی کی جائے تعمیر نو کے حوالے سے تشہیر کا عمل شروع کیا جائے تاکہ عوام کی آگاہی ہوسکے انہوں نے کہا کہ تمام محکموں میں خالی آسامیاں فوری طور پر پر کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور تعمیرات عامہ کے محکمہ کو مزید فعال بنایا جائے گا اس حوالے سے دو ایڈیشنل چیف انجینئر تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ کو فعال بنانا چاہتے ہیں تاکہ کارکردگی بہتر ہوسکے انہوں نے کہا کہ نئے لوگوں کو بھی آگے لایا جائے تاکہ وہ تجربہ کاروں کی مدد کرسکیں۔

بعد ازاں مختلف کشمیری تنظیموں کے نمائندوں کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دراصل بھارت کی انتظامیہ ہوانا میں پرویز مشرف ملاقات کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے افضل گورو کو سزائے موت دے کر حالات کو خراب کرنے کی سازش کررہی ہے وزیراعظم نے کہا کہ افضل گورو کی سزا پر عمل درآمد سے بھارت کی عزت و احترام میں اور کمی ہوگی اس لئے بھارت کی حکومت کو اپنے عالمی امیج میں اضافے کے لئے افضل گورو کے معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھنا چاہئے سردار عتیق احمد خان نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ افضل گورو کی سزا کے خلاف دنیا بھر میں یکجا ہو کر مظاہرے کریں انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم نے افضل گورو کے معاملے میں خاموشی اختیار کی تو کل بھارت عمر فاروق علی گیلانی اور عبدالغنی بھٹ اور دیگر رہنماؤں کو بھی اسی طرح کے الزام میں سزائے موت دے سکتا ہے سردار عتیق نے کہا کہ میں نے کشمیری عوام کے نمائندہ کی حیثیت سے اقوام متحدہ او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کو بھی خطوط لکھے ہیں جن میں ان سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے وزیراعظم نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے جرات مندانہ اقدامات سے بھارت اب پسپائی اختیار کرتا جارہا ہے اور پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستان کا امیج ابھرا ہے لیکن دہشت گردی کے بہانے بنا کر بھارت دراصل مذاکرات سے راہ فرار چاہتا ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت بھارت کیع دالت کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیاہے اور سزا پر عمل درآمد کے نتیجے میں ماحول خراب ہوا تو اس کی ساری ذمہ داری بھارت پر ہوگی۔

متعلقہ عنوان :