سینٹ کی قواعد و ضوابط و استحقاق کمیٹی کا سنیٹر کلثوم پروین سے بدسلوکی پر سخت اظہار تشویش ،وزارت دفاع کو انکوائری کی ہدایت

جمعرات 5 اکتوبر 2006 18:12

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) سینٹ کی قواعد و ضوابط اور استحقاق کمیٹی نے سنیٹر کلثوم پروین سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر بدسلوکی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت دفاع کو انکوائری کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پی آئی اے کاؤنٹروں پر مہذب سٹاف تعینات کرے کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سید طاہر حسین مشہدی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا اجلاس میں سنیٹر کلثوم پروین کی طرف سے پیش کی گئی تحریک استحقاق کا جائزہ لیا گیا اور پی آ ئی اے کو ہدایت کی گی کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کی سہولیات کیلئے ضروری اقدامات کرے سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ ہوائی اڈوں پر قائم کئے گئے پارلیمانی کاؤنٹرز کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہ کہ سروسز کو بہتر بنانے کے لئے حکومت ضروری اقدامات کررہی ہے کمیٹی نے سکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے پروفیسر خورشید احمد کو ڈاکٹر عبد القدیر خان سے ملاقات سے انکار پر پیش کی گئی تحریک استحقا ق کا بھی جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے سکیورٹی حکام سے رابطہ کرکے ہدایت کی تھی کہ سنیٹر پروفیسر خورشید احمد ڈاکٹر اے کیو خان سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔لیکن اگلے روز فیصلہ کرلیا گیا کہ ڈاکٹر خان سے صرف قریبی رشتہ دار ملیں گے ۔ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا کہ اس مسئلے پر ان کیمرہ اجلاس ہوگا ۔