ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے منظور ہونے کے بعد 25 فیصد پلاٹ بطور رہن رکھ کر سائٹ پر بورڈ آویزاں کردئیے جائیں گے،صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی سید رضا علی گیلانی کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 6 اکتوبر 2006 16:28

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06اکتوبر2006) صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منظور ہوتے ہی 25 فیصد پلاٹ بطور رہن رکھ لئے جائیں گے اور سائٹ پر بورڈ آویزاں کر دیا جائے گا تاکہ رہن رکھے گئے پلاٹوں کو فروخت نہ کیا جا سکے-انہوں نے یہ بات گذشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھٹہ) شہزاد جمیل کے علاوہ دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی- صوبائی وزیر نے کہا کہ تفریحی پارک‘ مسجد اور دیگر اس طرح کے مقاصد کیلئے مختص کئے گئے پلاٹوں کو بھی ان کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ پھٹہ کے تحت بننے والی ہاؤسنگ سکیم میں تشکیل دیئے جانے والے کل پلاٹوں میں سے 50 فیصد پلاٹوں پر گھر بنا کر جبکہ بقیہ 50 فیصد پلاٹ ڈویلپ کر کے فروخت کئے جائیں گے- سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ قوانین سے ہٹ کر اور متعلقہ اداروں سے منظوری حاصل کیے بغیر بنائے گئے رہائشی منصوبوں کے مالکان اور جعلی ہاؤسنگ سکیمیں بنانے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں لوگوں کے خون پسینے کی کمائی ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی-