بنگلہ دیش کا ورلڈ بینک کے تعاون سے ٹیکس اصطلاحات کرنے کا فیصلہ

جمعہ 6 اکتوبر 2006 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2006ء) بنگلہ دیش نے ورلڈ بینک کے تعاون سے ٹیکس اصطلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ بات بنگلہ دیش کے چیئرمین بورڈ آف ریونیو عبدالقاری نے جمعہ کو کراچی میں لارج ٹیکس پیئر یونٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے فیصلے خود کرتا ہے اور ٹیکس اصطلاحات کا فیصلہ ورلڈ بینک کی ہدایت پر نہیں بلکہ بنگلہ دیش اپنی ضروریات کے تحت کررہا ہے لیکن اس کے لئے ورلڈ بینک تعاون فراہم کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں دورے کے دوران اسلام آباد کے لارج ٹیکس پیئر یونٹ اور لاہور کے میڈیم ٹیکس پیئر یونٹ کا بھی دورہ کیا ہے ۔ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں ٹیکسوں کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور پاکستان میں ٹیکس اصطلاحات کے باعث ٹیکس ریونیو میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں ٹیکس اصطلاحات سے متعلق مطالعاتی دورہ میں بہت کچھ حاصل کیا ہے اور اب ہم چاہیں گے کہ اس نظام کو بنگلہ دیش میں بھی رائج کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش پاکستان سے ٹیکس اصطلاحات کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان میں سیلف اسسمینٹ اور ڈسپیوٹ کمیٹی کا قیام بھی خوش آئند ہے ۔اس موقع پر لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل سید عقیل ظفر الحسن نے کہا کہ بنگلہ دیش کے وفد کو ایل ٹی یو کے دورے کے موقع پر کارکردگی اور کام کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے اور بنگلہ دیشی حکام نے پاکستان کی ٹیکس اصطلاحات کو سراہا ہے ۔ بنگلہ دیش کے وفد نے اظہار الحق ،محمد شفیق الرحمن اور اویس اقبال بھی شامل تھے جبکہ ایل ٹی یو کے محمد سعید خان ،اقبال احمد ،عرفان ندیم ،شہزادہ طاہر زمان اور افتخار کتب نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :