ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا مقابلہ ہے جس کے لئے پاکستان سب سے آگے ہے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت اقدامات ممکن بنارہی ہے ،امریکی قونصل جنرل کی سربراہی میں ٹی آئی ایف اے کے وفد سے بات چیت ۔ تفصیلی خبر

جمعہ 6 اکتوبر 2006 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2006ء) اس وقت دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا عنصر ہے اسے کچلنے کے لئے روزگار کی فراہمی اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا مقابلہ ہے جس کے لئے پاکستان سب سے آگے ہے ۔ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اسلام کا روشن خیال چہرہ دنیا کے سامنے آئے اور پاکستان کا تشخص ایک روشن خیال اعتدال پسند اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر اجاگر ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد خان نے امریکا کی قونصل جنرل میر ایچ وٹ کی ہمراہی میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹی آئی ایف اے) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ گورنر سندھ نے وفد کو بتایا کہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت اپنے ذرائع سے بڑھ کر ہداف کا حصول ممکن بنارہی ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے او رپورے ملک کے لئے 70فیصد ریونیو پیدا کررہا ہے اس شہر کو پورٹ سٹی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ اس کے باوجوداس شہر کے اپنے مسائل ہیں لیکن کراچی کی استعدادی صلاحیتیں دنیا کی نظروں سے پوشیدہ ہیں اور شہر کا جغرافیائی محل وقوع اپنے اندر سرمایہ کاری کے لئے کشش رکھتا ہے ۔ شہر کی سوشیو اکنامک صورتحال کے پیش نظر بیرونی سرمایہ کاری ،روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

ہم نے بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے فول پروف سیکورٹی کا انتظام کیا ہے ماسوائے چند اکا دکا واقعات کے جن میں بیرونی سرمایہ کاربالکل محفوظ رہے ہیں ۔ دہشت گردی اور اس کے پیدا ہونے والے اسباب کے خاتمہ کے لئے موجودہ حکومت ہمہ جہت کوششیں کررہی ہے ۔ گورنر نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم سے مقامی حکومت کا وجود عمل میں آیا ہے جوکہ جاگیرداری کے نظام پر کاری ضرب ہے اب گراس روٹ لیول پر عوام میں سے ایسے افراد سامنے آرہے ہیں جو ملکی ترقی میں مثبت رجحان کی علامت رکھتے ہیں ۔

گورنر نے ملاقات میں وفد کو بتایا کہ ملک میں آزادانہ میڈیا پالیسی کی وجہ سے حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بننا پڑرہا ہے یہ جمہوریت کے لئے ایک لرننگ پروسیس ہے ۔ وفد نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سندھ میں جاری ترقیات کے کے کاموں کو سراہا اور سرمایہ کاری کے لئے گورنر کو بتایا کہ صوبہ سندھ سرمایہ کاری کے لئے آئیڈل جگہ رکھتا ہے اس کے لئے امریکی سرمایہ کاروں کو بھی ترغیب دی جائے گی ۔