اشتراک اقتدار پر نہیں بلکہ انتقال اقتدار پر یقین رکھتے ہیں، یوسف رضا گیلانی،مجھے فخر ہے کہ پیپلزپارٹی نے جو قربانیاں دی ہیں ان کاایک چھوٹا سا حصہ ہوں، پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل یا مذاکرات نہیں کر رہی ہے، رہائی حق کی فتح ہے ڈیل کا نتیجہ نہیں، جمہوری اداروں کی حمایت کریں گے، رہائی کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ میں مخدوم امین فہیم کے ہمراہ پہلی پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 6 اکتوبر 2006 18:30

یوسف رضا گیلانی امین فہیم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں
یوسف رضا گیلانی امین فہیم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2006ء) پیپلزپارٹی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ پیپلزپارٹی نے بحالی جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دی ہیں ان کا ایک چھوٹا سا حصہ ہوں۔ پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل یا مذاکرات نہیں کر رہی ہے ہم اشتراک اقتدار پر نہیں بلکہ انتقال اقتدار پر یقین رکھتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر غیر آئینی حکمرانوں کو اقتدار سے الگ کرنے کیلئے جدوجہد کریں اللہ پر کامل یقین کے باعث آج فتح حق کی ہوئی ہے رہائی حکومت کے ساتھ ڈیل کا نتیجہ نہیں، جمہوی اداروں کی حمایت کریں گے، پیپلزپارٹی استعفوں کے حوالے سے سولوفلائٹ نہیں کرے گی، اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے ہر فیصلہ کریں گے جبکہ اے آر ڈی کے سربراہ مخدوم امین فہیم نے قاضی حسین احمد کے بیان کے جواب میں کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پیپلزپارٹی تنظیم کا حصہ ہوں اور اپنی قائد کے ساتھ چل رہا ہوں۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز یہاں رہائی کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ میں پہلی پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق سپیکر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارٹی دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ اتنا عرصہ پابند سلاسل رہا آپ کی وجہ سے حوصلے بلند رہے پارٹی کا مشکور ہوں، اتنی طویل قید کے باوجود تمام تر دباؤ کو آپ کی وجہ سے وجہ سے برداشت کیا ہے پارٹی کے سامنے سرخرو ہوں کسی کے آگے نہیں جھکا ہوں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ آج حقداروں کو حق ملا ہے عدلیہ سے غیروں کو نقصان ہوا ہے جس جج نے میرے خلاف فیصلہ دیا ہے اس کو ریٹائر کر دیا ہے جیل میں رہا والدہ اور ہمشیرہ کا انتقال ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے کیس جھوٹے ثابت ہوئے ہیں جو و ہ پریشر پر بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر جو معاہدہ ہوا وہ جمہوریت کی طرف قم ہے اگر سیاستدان اتحاد کریں گے تو آگے بڑھیں گے ہم اشتراک اقتدار نہیں بلکہ انتقال اقتدار کے حق میں ہیں جمہوری اداروں کی حمایت کریں گے پیپلزپارٹی نے طویل جدوجہد کی ہے قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی قربانیوں پر فخر ہے اپنے منشور پر فخر ہے اس میں میرا بھی کردار ہے جبکہ مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ مجھ سے سوالات ہوتے رہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی اورحکومت کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی لہٰذا ڈیل کی باتیں محض پراپیگنڈہ ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں 7 سال سے قید و بند برداشت کر رہے ہیں ڈیل نہیں کی یہ لوگوں کی اپنی سوچ ہے میری کتاب شائع ہو چکی ہے کاپیاں تقسیم کی گئی ہیں صدر، پارلیمنٹ، آرمی چیف اورایوانی سازشوں کو بے نقاب کیاہے جنرل مشرف کی کتاب کے سو صفحات پڑھے ہیں جن میں کافی متضاد باتیں ہیں اخبارات میں بیانات آ رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی استعفوں کے حوالے سے کوئی سولوفلائٹ نہیں کرے گی اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے ہرفیصلہ کریں گے میرے ساتھ جو کچھ جیل میں ہوا اس کی تمام مشکلات برداشت کی ہیں۔ مخدوم امین فہیم نے کہاکہ قاضی حسین احمد کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمارے طریقہ کار کوسمجھاہے ہمارے تمام فیصلے چیئرپرسن کرتی ہیں اس پر فخرہے کہ ان کے فیصلوں کو ساتھ لے کرچلتا ہوں ہم نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے ہیں اے آر ڈی کے مطابق فیصلہ کریں گے لندن ٹیسٹنگ کیلئے جا رہا ہوں ایجنڈے پر بات کروں گا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ فیصلے اجلاس میں کریں گے گرینڈ الائنس پر بھی مشاورت کریں گے آئندہ اجلاس میں شرکت سے پہلے میں اپنا میڈیکل چیک اپ کرواؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم پارٹی کے ساتھ چلیں گے اور فیصلوں کی پابندی کریں گے۔ قبل ازیں اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر اے آر ڈی کے چیئرمین مخدوم امین فہیم اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اڈیالہ جیل میں ان کا استقبال کیا سابق سپیکر یوسف رضا گیلانی کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملازمتیں دینے کے مقدمے میں دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم گزشتہروزلاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عبدالشکور پراچہ اور سید سجاد علی شاہ کے راولپنڈی بنچ نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کئے۔

یوسف رضا گیلانی کی رہائی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور اے آر ڈی کے چیئرمین مخدوم امین فہیم، سیکرٹری اطلاعات شیری رحمن، نیئر بخاری اوران کے اہلخانہ موجود تھے جنہوں نے ان کااڈیالہ جیل میں استقبال کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے نعرے بازی کی۔ یوسف رضا گیلانی نے پانچ سال سے زائد عرصہ جیل میں گزارا ان پر نیب کی جانب سے دو مقدمات دائر کئے گئے تھے جن میں سے ایک بحیثیت سپیکر مرسڈیز گاڑیوں کی خریداری اور دوسرا مقدمہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں 60 افراد کو گریڈ 17 کی ملازمتیں دینے سے متعلق تھا۔