مولانا فضل الرحمن کے مقابلہ میں پیپلز پارٹی کے شاہ محمود قریشی کا وزیراعظم کا انتخاب لڑنا بہت سے رازوں کو سامنے لارہا ہے، جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 18:37

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) جماعت اسلامی پنجاب کی سیاسی کمیٹی کے صدر ظفر جمال بلوچ ایڈووکیٹ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی عبدالوہاب نیازی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے تاحیات چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی طرف سے مشرف حکومت سے پس پردہ رابطوں کی تصدیق کرکے ایم ایم اے کے تحفظات کو حقیقت میں بدل دیا ہے اور یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں حقیقی رکاوٹ ہیں۔

پیپلز پارٹی 2002ء انتخابات سے لے کر اب تک جنرل پرویز مشرف اور امریکہ کے رابطوں میں ہے اور مولانا فضل الرحمن کے مقابلہ میں پیپلز پارٹی کے شاہ محمود قریشی کا وزیراعظم کا انتخاب لڑنا بہت سے رازوں کو سامنے لارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ (ن) اور عمران خان کی آنکھیں بھی کھل جانی چاہئیں۔

(جاری ہے)

اب ایم ایم اے ، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف و دیگر جمہوری قوتوں کو جنرل مشرف کے خلاف میدان عمل میں نکلنا چاہیے تاکہ پیپلز پارٹی کا غیر جمہوری چہرہ عوام کے سامنے آجائے ۔

پیپلز پارٹی کبھی بھی جنرل مشرف کے خلاف تحریک کا حصہ نہیں بنے گی ۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے بے نظیر کے مدارس کے خلاف بیان پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ جنرل مشرف اور بے نظیر بھٹو کے درمیان امریکہ کو زیادہ قابل قبول بنانے کیلئے دوڑ لگی ہوئی ہے ۔ بے نظیر بھٹو بھی کتاب لکھ کر اس کی تقریب رونمائی امریکہ میں کریں ۔اس سے شاید امریکہ انہیں اقتدار میں لانے کیلئے معاونت کرے لیکن پاکستانی عوام اب کسی امریکی ایجنٹ اور اس کے نمائندے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ مسلم عوام عراق ، افغانستان اور گوانتا نامو بے میں امریکی بربریت اور وحشت کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے ۔مستقبل کا انتخابی معرکہ امریکی وفاداروں اور محب اسلام قیادت کے درمیان ہوگا۔