چوہدری شجاعت اور وزیر اعظم ملاقات ، ملک کی سیاسی صورتحال اور ضروری اشیاء کی قیمتوں پر تبادلہ خیال ، حکومت آئندہ الیکشن سے قبل عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ، وزیراعظم شوکت عزیز

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اکتوبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعظم شوکت عزیز نے ملک کی سیاسی صورتحال ، پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم و رکنیت سازی مہم اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے دونوں رہنماؤں نے ہفتہ کے روزوزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ عام انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور وہ بلند شرح نمو کے فوائد عوام تک منتقل کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اپنی کارکردگی اور ریکارڈ کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں اعتماد کے ساتھ حصہ لے گی وزیر اعظم نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر کو پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے کامیاب اجلاس کے انعقاد کو مبارکباد پیش کی چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ رمضان پیکج اور یوٹیلٹی سٹورز پر ضروری اشیاء کی دستیابی سے ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں پر اثر پڑا ہے اور مارکیٹ میں ان اشیاء کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر یوٹیلٹی سٹورز کے کھولنے کے اقدام سے قیمتوں کو مزید نیچے لانے میں مدد ملے گی اس کے ساتھ ساتھ پرائس مجسٹریٹس کا نظام متعارف کرانے کے بھی بہتر نتائج سامنے آئیں گے دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور پاکستان مسلم لیگ کو مزید فعال اور وسیع البنیاد بنانے کی غرض سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید ،وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی اور وزیر مملکت برائے اطلاعات طارق عظیم بھی موجود تھے ۔