پاکستان میں موبائل ہینڈ سیٹوں کی درآمد ایک ارب ڈالر سالانہ سے تجاوز کر گئی

اتوار 8 اکتوبر 2006 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء) پاکستان میں موبائل فون ہینڈ سیٹوں کی درآمد ایک ارب ڈالر سالانہ سے بھی تجاوز کر گئی ہے اور ہر ماہ 75 سے 80 ہزار سیٹ درآمد کئے جا رہے ہیں برانڈ کے اعتبار سے نوکیاں پہلے سونی ارکسن دوسرے اور سام سنگ تیسرے نمبر پر ہے پاکستن ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2005-06ء کے دوران موبائل فون سیٹ کی درآمد ایک ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے اور سیٹوں کی درآمد میں 25 فیصد سالانہ اضافے کا امکان ہے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 75 سے 80 ہزار موبائل فون سیٹ ہر ماہ درآمد کئے جا رہے ہیں جن میں اعلی ترین اور ایڈوانس ٹیکنالوجی کے سیٹوں سمیت ہر قسم کے سیٹ شامل ہیں پاکستان میں کیمرے اور میوزک والے سیٹوں کی فروخت میں انتہائی تیزی دیکھی جا رہی ہے رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مارکیٹ پر نوکیا چھایا ہوا ہے اور سب سے مقبول کمپنی ہے ہینڈ سیٹ بنانے والی چار بڑی کمپنیوں کی فروخت کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ 56 فیصد پاکستانی نوکیا کے سیٹ استعمال کرتے ہیں جبکہ 22 فیصد کے پاس سونی ارکسن ہوتا ہے17 فیصد سام سنگ اور 5 فیصد مٹرولا کے صارفین ہیں پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت تک 12 سے 15 ہزار موبائل فون سیٹ فروخت کرنے والی دکانیں ہیں جن سے بڑے پیمانے پر روزگار فراہم ہو رہا ہے موبائل فون سیٹوں کی فروخت اور رپیئرنگ سے 60 ہزار شہریوں کا روزگار وابستہ ہے-پی ٹی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی بڑی موبائل فون اور الیکٹرانکس کمپنیوں کے باہمی اشتراک اور ادغام سے موبائل فون سیٹوں میں جو جدت اور قیمتوں میں جو کمی واقع ہوئی ہے اس کے پاکستان میں بڑے واضح اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پاکستان میں موبائل فون سیٹوں کی سمگلنگ تقریبا ختم ہو گئی ہے اور باضابطہ طریقے سے موبائل فون سیٹ مارکیٹ میں آ رہے ہیں پاکستان میں معروف برانڈ کے موبائل فون سیٹوں کی فروخت کے لیے موبائل زون‘ یونائیٹڈ موبائل اور ایڈوانس ٹیلی کام جیسے ڈسٹری بیوٹرز نے شہرت پائی ہے یاور یہ ڈسٹری بیوٹرز پورے پاکستان میں جہاں موبائل فون سیٹ فروخت کر رہے ہیں وہیں پر سروس سنٹر قائم کر کے بعد از فروخت سروس بھی فراہم کر رہے ہیں-