ڈیزاسٹر ریسکیو ٹیم کی افتتاحی تقریب میں ٹیم کے اراکین کا حادثے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

اتوار 8 اکتوبر 2006 22:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء) پنجاب ایمرجنسی سروس کے زیراہتمام تشکیل دی گئی ڈیزاسٹر ریسکیو ٹیم کی افتتاحی تقریب میں ٹیم کے اراکین نے حادثے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کا شاندار عملی مظاہرہ کیا- پاکستان میں پیش کیے جانے والے اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام میں ریسکیو ٹیم کے کارکنوں نے یکے بعد دیگرے دھماکوں میں گرنے والی عمارت سے حساس کیمروں اور دوسرے جدید ترین آلات کے ذریعے گھرے ہوئے افراد کو کامیابی سے نکالنے اور زخمیوں کو عارضی ہسپتالوں تک پہنچانے کا مظاہرہ کیا-اس پروگرام میں ریسکیو ورکروں نے برقی آریوں کے ذریعے آہنی دروازوں کو کاٹ کر عمارت کے اندر موجود لوگوں کو باہر لانے کا مظاہرہ بھی کیا-تقریب میں موجود وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سمیت تمام حاضرین اس بات پر متفق تھے کہ انہوں نے اس سے پہلے انسانی جانیں بچانے کا ایسا عملی اثرانگیز مظاہرہ نہیں دیکھا -وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب ایمرجنسی کے ان جوانوں نے تربیت کا حق ادا کر دیاہے -واضح رہے کہ مظاہرے میں شامل ان ورکروں کو قدرتی آفات اور حادثات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی ایمرجنسی سروس سے تربیت دلائی گئی ہے -