زلزلہ متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان بنانا ہوگا، چوہدری شجاعت حسین، زلزلہ متاثرین کی بحالی اورتعمیر نو کے کام میں درپیش تمام رکاوٹیں دور کر لی جائیں گی، مسلم لیگ کے صدر کا بالاکوٹ میں تقریب سے خطاب، مظفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو اور نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 8 اکتوبر 2006 23:00

بالاکوٹ، مظفر آباد، اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اورتعمیر نو کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان بنانا ہوگا تاکہ ان افراد کو جلد سے جلد چھت فراہم کی جا سکے۔ فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے ہمیں ضلعی حکومتوں پر اعتماد کرتے ہوئے اس عمل کو آسان بنانا ہوگا۔

ایرا کیخلاف ملنے والی شکایات ناجائز نہیں انہیں اپنی خامیوں اور خرابیوں کو دورکرنا ہوگا، پاکستان مسلم لیگ کی حکومت متاثرین کی مکمل بحالی اورتعمیر نو کا عزم کئے ہوئے ہے۔ اتوار کو بالاکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب، مظفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو اور ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ پر زلزلہ متاثرین کیلئے کچھ نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں ہم زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں اورحکومت ان افراد کی مکمل بحالی اورتعمیر نو کا مکمل عزم کر کئے ہوئے ہے ذاتی طور پر چھ مرتبہ بالاکوٹ کا دورہ کر چکا ہوں باغ اورمظفر آباد گیا اورمیرے خیال میں کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما نے ان علاقوں کے اتنے دورے نہیں کئے ہوں گے جتنے میں نے کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی عیدیں بھی متاثرہ علاقوں میں زلزلہ زدگان کے ساتھ گزاریں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو امدادی رقوم کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی وجہ سے یہ عمل تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت اور ایرا کو آگاہ کریں گے تاکہ اس عمل کو سہل بنایا جائے اور متاثرین کو جلد از جلد چھت فراہم کی جائے تاکہ سردیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بھی متاثرین کی بحالی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ 1947ء اور 1965ء کے موقع پر قوم کے جوش و جذبہ کی جھلک ایک بار پھر 8 اکتوبر کے زلزلے کے موقع پر بھی نظر آئی اور کرچی سے لے کر خیبر تک قوری قوم نے یک جان ہو کر متاثرین کی مدد کا بیڑہ اٹھایا اور ہر ایک نے تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک نیک مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا اپنا اہم کردار ادا کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ اور متاثرہ افراد کی بحالی میں درپیش تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ وہ خود صدر مملکت‘ وزیراعظم اور ایرا حکام سے بات کریں گے اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تو وہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ وہ واحد جماعت ہے جس نے متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں عملی طور پر حصہ لیا۔

آلائی جیسے دور افتادہ علاقے میں عوام کی مدد کو سب سے پہلے ہم پہنچے۔ بعدازاں بالا کوٹ میں شہدائے سانحہ 8 اکتوبر کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور مظفر آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بالا کوٹ میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔ زلزلے سے متاثرہ وہ بچے جن کے والدین شہید ہو چکے ہیں یا وہ خود معذور ہو گئے ہیں ان کو شیخ مبارک ال نیہان ٹرسٹ کے قائم کردہ تعلیمی اداروں میں مفت اعلیٰ تعلیم دلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سپورٹ اے فیملی پروگرام کے تحت 1500 خاندانوں کو چھ ہزار روپے ماہانہ روپے دئیے جا رہے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس عبادت کیلئے تمام طبقات کو آگے آنا چاہئے۔ متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہماری اور ہماری پارٹی کی نیت نیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں قرضہ جات معاف کر دئیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں مزید پیش رفت کیلئے وہ وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی ہمارے لیے چیلنج ہے جس میں حکومت کے ساتھ تمام اداروں اور مخیر حضرات کو سنجیدگی کے ساتھ لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔ مشاہد حسین نے ایرا کے خلاف مقامی لوگوں کی شکایات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب ایرا کو سرخ فیتہ ختم کرتے ہوئے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز ایرا کے ڈپٹی چیئرمین جنرل ندیم احمد سے ان کی بات چیت ہوئی ہے جنہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اگلے ہفتے متاثرین بالا کوٹ کی ایرا حکام سے وزیراعظم کی موجودگی میں میٹنگ کرائی جائے گی۔ مشاہد حسین نے متاثرہ علاقوں کے بچوں کے داخلے کے بارے میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی کرائی اور متاثرہ علاقوں کے پریس کلبوں کی تعمیر نو کے حوالے سے ایرا حکام کے ساتھ بات چیت کرنے کا بھی اعلان کیا۔

پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر گوہر ایوب خان نے کہا کہ ہم سے متاثرہ بھائیوں کی امداد کیلئے جو کچھ بھی ہو سکا کریں گے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے افراد کو کوریا جانے والی افرادی قوت میں سے 2 ہزار کا کوٹہ دینے کی بھی تجویز دی۔ اجتماع سے سینیٹر طلحہ محمود‘ سینیٹر بی بی یاسمین شاہ‘ مسز فرخ خان اور ناظم شنکیاری قاضی وصی الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

ضلع ناظم مانسہرہ سردار محمد یوسف اور رکن صوبائی اسمبلی سید مظہر علی قاسم نے زلزلہ کے دوران چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کی جانب سے بھاری امداد اور سپورٹ اے فیملی پروگرام شروع کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔

عوامی نمائندوں نے اپنے مسائل اور مطالبات سے پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کو آگاہ کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے مظفر آباد کا بھی دور کیا اور متاثرہ جگہوں کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ مظفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے مصیبت کی گھڑی میں متاثرہ بھائیوں کی عملی مدد کر کے اپنا فرض نبھانے کی کوشش کی ہے۔

ہمیں اس سلسلے میں کوئی ایوارڈ درکار نہیں۔ ہم نے یہ کام اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کو دیکھ کر اطمینان ہوا ہے ان کی رفتار تیز کرنا ہو گی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ 8 اکتوبر کے زلزلے نے عوام کے اندر بھائی چارہ‘ اخوت اور اتحاد کے نئے فلسفے کو جنم دیا ہے۔ ہمیں زندگی کے ہر شعبہ میں ان روایات کو مقدم رکھنا ہو گا۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ اور حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی حکومت اور شہریوں کو اپنے مکمل تعاوں کا یقین دلایا۔ بعد ازاں مسلم لیگی قائدین گڑھی حبیب اللہ میں کشترئہ کے مقام پر کنہار کرسچین ہسپتال گئے جہاں انہوں نے عیسائی برادری کی جانب سے زلزلہ میں جاں بحق اور زخمیوں کیلئے دعائیہ عبادت کی تقریب میں شرکت کی۔ ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ہارون لعل دین نے سپاس نامہ پیش کیا اور چوہدری شجاعت حسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مذہبی ہم آہنگی کیلئے مسلم لیگ کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو ایوارڈ بھی دئیے گئے۔