مخدوم امین فہیم کی راجہ ظفر الحق سے ملاقات، اے آر ڈی کے مستقبل سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،بے نظیر کے بیان سے پیدا ہونے والے خدشات دور ہو گئے، بحالی جمہوریت کیلئے مل جل کر جدوجہد کریں گے‘ راجہ ظفر الحق کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

پیر 9 اکتوبر 2006 20:11

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09اکتوبر2006) اے آر ڈی کے چیئرمین مخدوم امین فہیم نے سوموار کو یہاں (ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے آر ڈی کے مستقبل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد راجہ ظفر الحق نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پر پوری طرح قائم ہے۔

راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ امین فہیم نے ان کے تمام تر خدشات دور کر دیئے ہیں۔ قبل ازیں راجہ ظفر الحق نے پیپلز پارٹی کے حکومت سے رابطوں پر شدید خدشات کا اظہار کیا تھا ان خدشات کو دور کرنے کے لئے امین فہیم کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے راجہ ظفر الحق سے ملاقات کی وفد کے دیگر اراکین میں رضا ربانی اور سینیٹر انور بیگ شامل تھے۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ کے چیئرمین نے کہا کہ بے نظیر کا یہ بیان کہ ان کے حکومت سے رابطے ہیں ہمارے لئے بہرحال قابل تشویش تھا، تاہم امین فہیم کی یقین دہانی کے بعد ہمارے خدشات دور ہو گئے ہیں۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ امین فہیم نے واضح کیا ہے کہ وہ جمہوریت کی بحالی کے لئے اے آر ڈی کے فورم سے جدوجہد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو بے نظیر اور تواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات سے اتحاد برائے بحالی جمہوریت (اے آر ڈی) پہلے سے زیادہ مستحکم ہو گا۔

ملاقات میں دونوں رہنما مستقبل میں صرف نام کی جمہوریت ہے، حقیقی حکومت فوجیوں کے ہاتھ میں ہے، اے آر ڈی اقتدار فوج سے لے کر عوام کے ہاتھوں میں دینا چاہتی ہے یہی ہمارا مقصد اور منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری عروج پر ہے، امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے اس کے باوجود حکومت کا کہنا ہے کہ سب اچھا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب ملک میں عوام کی حکومت ہو گی اور تمام تر فیصلے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :