کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا‘ سردار عتیق

بدھ 11 اکتوبر 2006 12:31

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11اکتوبر2006) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا‘ انڈیا او رپاکستان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کشمیریوں کو شامل کئے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے‘ انڈیا کا پیس پراسیس پر آنا کشمیریوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مارگلہ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار بعنوان \"Solution of Kashmir and Composite Dialogue\" سے خطاب اور حریت کانفرنس کے دفتر کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستاون سالوں میں پانچ لاکھ کشمیری شہید ہوچکے ہیں بے شمار معذور اور زخمی ہوئے ہیں لیکن ہندوستان کے غیر انسانی تشدد اور اتنے مصائب برداشت کرنے کے باوجود بھی کشمیروں کے جذبہ آزادی میں کوئی کمی نہیں آئی بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نہتے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھانے کے باوجود ان کے جذبہ آزادی کو سرد کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور بالآخر بھارت کو کشمیریوں کی قربانیوں کے سامنے بے بس ہو کر پیس پراسیس کی طرف آنا پڑا ہے پیس پراسیس کسی کی سوچ یا شوق کا نتیجہ نہیں بلکہ بین الاقوامی حالات کی مجبوری کا نتیجہ ہے ہم نہ صرف پیس پراسیس کو جاری رکھنا چاہتے ہیں بلکہ اس کو مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں ہماری خواہش ہے کہ کشمیریوں کو آزادانہ آر پار آنے جانے کی اجازت دی جائے اس کے لئے مزید راستے کھولے جائیں اور انہیں مزید ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں قبل ازیں دفتر حریت کانفرنس پہنچنے پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئر سید یوسف نسیم‘ پروفیسر اشرف صراف‘ میر طاہر مسعود‘ عبدالمجید ملک‘ الطاف حسین وانی‘ محمد داؤد خان‘ ڈاکٹر عبدالاعلی‘ سید فیض نقشبندی‘ سید عباس رضوی‘ الطاف بٹ اور چیف کوآرڈینیٹر میر وحید بھی موجود تھے حریت رہنماؤں نے سردار عتیق احمد خان کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے اور کامیاب غیر ملکی دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سردار عتیق نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پوری ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم ہیں ان کے انتخاب سے نہ صرف ریاست کے اس حصہ بلکہ ریاست کے دوسرے حصہ میں بھی دلی خوشی کا اظہار کیا گیا ہے ہمیں توقع ہے کہ جو شمع مجاہد اول نے روشن کی ہے سردار عتیق احمد خان اس شمع کے پاسبان ہیں اور مجاہد اول کے جانشین ہونے کے ناطے ریاست کا پاکستان کے ساتھ الحاق کروائیں گے اس موقع پر حریت رہنماؤں نے مہاجرین کیمپوں اور کیمپوں سے باہر رہنے والے کشمیری مہاجرین کے مسائل سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا وزیراعظم نے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی کشمیر پالیسی واضح ‘ دو ٹوک اور کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے اور جنرل پرویز مشرف کشمیریوں کے بے باک ترجمان ہیں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر جس جاندار طریقے سے پیش کیا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کا تحریک آزادی کشمیر میں کلیدی کردار ہے اور اس کی مسلمہ حیثیت کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے آل پارٹیز حریت کانفرنس‘ متحدہ جہاد کونسل اور حکومت آزاد کشمیر کو مل کر باہمی مشاورت سے آگے برھنا ہوگا ہم آل پارٹیز حریت کانفرنس کو پورے مقبوضہ کشمیر کا نمائندہ سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حریت کانفرنس والوں کے ساتھ ہر مہینہ میں ایک شیڈول کے تحت باقاعدگی سے میٹنگ کا اہتمام ہونا چاہئے میں نے وزیراعظم پاکستان سے کہا ہے کہ پاکستان و آزاد کشمیر سے جو بھی وفود باہر جائیں یا باہر سے کوئی بھی وفد کشمیر یا پاکستان میں آئے ان کی مشترکہ بریفنگز کا انتظام ہونا چاہئے تاکہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پیش کیا جاسکے اور اس سلسلہ میں ہم سب کا موقف مضبوط جاندار اور ایک ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ برسلز کے دوران مقبوضہ کشمیر میں آنے والس فلش فلڈ جس کے نتیجہ میں تین چار سو کروڑ وپے کا نقصان ہوا کے حوالے سے بات کی ہے اور بین الاقوامی این جی اوز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کی طرح مقبوضہ کشمیر کے متاثرہ بھائیوں کی بھی مدد کے لئے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں جاری تعمیر و ترقی کے ثمرات کو مقبوضہ کشمیر تک پہنچانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے آنے والی گیس پائپ لائن کو چکوٹھی تک لارہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ یہ مقبوضہ کشمیر تک بھی جائے حکومت پاکستان ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے پاس فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہر طرح کے ریسورسز موجود ہیں صرف ان کو منصوبہ بندی کے تحت استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ڈاؤن سائزنگ نہیں بلکہ اپ سائزنگ کریں گے اور کشمیر کو ایک ماڈل ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے لائیں گے آزاد کشمیر میں عالمی معیار کی سڑکیں تعمیر کرنے کے لئے کشمیر ہائی وے اتھارٹی قائم کردی گئی ہے اور پرائمری تک تعلیم کے لئے ہائی کوالیفائیڈ اساتذہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔