بلوچستان میں جاری اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بدولت صوبہ ملک کے ترقی یاقتہ علاقوں کے برابر آ جائے گا‘ صدر مشرف

بدھ 11 اکتوبر 2006 18:12

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11اکتوبر2006) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر آ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں بلوچستان کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ وزیر اعظم شوکت عزیز، گورنر بلوچستان اویس غنی اور وزیر اعلیٰ جام محمد یوسف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا گورنر اور وزیر اعلیٰ نے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ صدر نے ہنر مند افرادی قوت اور فنی تعلیم کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ اس سے صوبے کی سماجی اور اقتصادی حالت بدل جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبے میں جاری میگاپراجیکٹس کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ گوادر بندرگاہ کو جلد از جلد آفیشل بنایا جائے اور اس کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت صوبے میں عوام کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان کی حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے 33 ہزار روزگار کی آسامیاں پیدا کی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی ملازمتوں میں صوبے کا کوٹہ 3.3 سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر نے صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :