اسرائیلی فوج نے دو فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا،حماس کی رکن پارلیمنٹ کے گھر پر بمباری، عمارت تباہ کر دی

بدھ 11 اکتوبر 2006 22:54

غزہ/نابلوس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر۔2006ء) اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے فلسطین کے علاقوں غزہ اور نابلوس میں دو فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا اور الزام لگایا کہ یہ اسرائیلیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے دوسری جانب اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حماس کی رکن پارلیمنٹ کے گھر پر بمباری کر کے اسے تباہ کر دیا۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کے روزاسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے نابلوس میں دو فلسطینی مجاہدین کو شہید کردیا جن میں ایک کی شناخت عبداللہ منصور کے نام سے ہوئی ہے مقامی باشندوں کے مطابق 30 سالہ عبداللہ منصور کاتعلق الاقصیٰ شہید بریگیڈ سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عبداللہ منصور اسرائیلی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپوں کو دیکھ رہے تھے کہ اس دوران اسرائیلی فوج نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے جبکہ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی مجاہد کو شہید کر دیا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فو نے الزام لگایا کہ یہ لوگ ان پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس پر انہیں ہلاک کیا گیا اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ نابلوس میں اسرائیلی فوج سرچ آپریشن کر رہی تھی کہ اس دوران ایک شخص نے دھماکہ خیز مواد کا بیلٹ پہنے ان پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا اور فائرنگ کر کے اس کوہلاک کر دیا گیا جبکہ غزہ میں ایک اور فلسطینی نے جسم پر بم باندھ کر حملے کی منصوبہ بندی سے اسرائیل کے جنوبی علاقے میں گھسنے کی کوشش کی لیکن اس کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور اسرائیلی فوج نے اس پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا جبکہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے مجاہدین پر دباؤ بڑھانے کیلئے غزہ میں حماس کی رکن پارلیمنٹ کے گھر پر بمباری کر دی اور اسے تباہ کر دیا تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ اسرائیلی فوج نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لڑاکا طیاروں نے اس عمارت کو نشانہ بنایا جس میں اسلحہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔