کنٹرول لائن پر سیز فائر سے حالات بہتر ہوگئے‘ عسکریت نے کشمیر کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا‘ غلام نبی آزاد

جمعرات 12 اکتوبر 2006 12:20

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12اکتوبر2006) مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ عسکریت نے کشمیر کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے ریاست جموں و کشمیر کے سرحدی عوام انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں کنٹرول لائن پر فائرنگ کی وجہ سے عوام بہت متاثر ہوئے دور دراز علاقوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لوگوں کو اب میرے پاس آنے کی ضرورت نہیں میں خود ان کے پاس جاؤنگا حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کپواڑہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ جب کپواڑہ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہاں لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں بندھی ہوئی تھیں یہ پہلا موقع ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس قسم کا نظام متعارف کرایا گیا ہے وزیراعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے ازالے کے لئے ذاتی طور پر انہی علاقوں میں جائیں گے اس نئے نظام کے متعارف کرائے جانے سے ریاست کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں اور وفود کو جہاں وقت کی بچت ہوگی وہاں انہیں سفر کی دشواری اور مشکلات سے بھی نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

لوگوں نے وزیراعلیٰ کے عوامی ہمدردی کے جذبے کو سراہا جس کے تحت ویراعلیٰ نے لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے ذاتی طور پر ان کے ہی علاقوں میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے لوگوں نے بڑی مشکلات دیکھی ہیں فائرنگ کی وجہ سے علاقے انتہائی پسماندہ ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عکسریت نے کشمیر کو پسماندگی کی طف دھکیل دیا ہے ریاست کے سرحدی علاقے کے عوام انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سیز فائر سے اب حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں انہوں نے عسکریت پسندوں سے کہا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں کیونکہ کشمیری عوام نے بندواق کی بات کو مسترد کردیا ہے اور لوگ اب مسائل کا حل چاہتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دراندازی میں کافی کمی ہوئی ہے لیکن مستقل طور پر بند ہونی چاہئے پاکستان اور بھارت کو چاہئے کہ وہ مزید اقدامات کریں۔