یوٹیلیٹی بلز کی آسان ادائیگی کے نظام کو حقیقت کا روپ دینا موجودہ حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے،آفتاب شیر پاؤ

جمعرات 12 اکتوبر 2006 20:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2006ء) وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اندرونی سلامتی کے حل اور گڈ گورننس کی فراہمی کے لئے حکومت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بڑی حد تک مدد کی ہے۔ وہ جمعرات کے روز یہاں نادرا ہیڈ کوارٹر میں نادرا کیاسک پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے رہے تھے۔

آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا کہ یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے لئے ایک آسان طریقہ کار کا مطالبہ کافی مدت سے کیا جا رہا تھا اور اس کو حقیقت کا روپ دینا موجودہ حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ صدر مملکت جنرل پرویز مشرف اس منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے سلسلے میں آسانی فراہم کرے گا اب عوام کو شدید اور سخت موسموں میں لمبی لائنوں میں لگنا نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ کیاسک استعمال میں نہایت آسان ہیں اور پورا سال 24 گھنٹے عوام اس کو استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل ہم نے مشین ایڈایبل پاسپورٹ متعارف کرایا ہے جسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور اس کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کیاسک کا اجراء کم آمدنی والے لوگوں کو سامنے رکھ کر گیا ہے جو خود جا کر بل جمع کراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نادرا نے ان قیمتوں کا ڈیزائن پیش کیا ہے اور پہلے مرحلے میں نصب کی جانے والی 240 مشینوں میں سے 140 مقامی طور پر تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مشینوں پر نقد ادائیگی کے ذریعے بل ادا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کسٹمرز کو سہولت ملے گی بلکہ یوٹیلیٹی کمیٹیاں بھی مستفید ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے شروع کرنے سے قبل تمام یوٹیلیٹی کمیٹیوں کو اکٹھا ہونا ضروری تھا اور اس میں کافی وقت صرف ہوا تاہم اب عام گیس، بجلی اور ٹیلی فون کمپنوں کو نادرا کیاسک سے منسلک کر دیا گیا ہے اور ان کے کام بل کیاسک کے ذریعے ادا کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں یوٹیلیٹی کمپنیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ نادرا کو عالمی اور علاقائی سطح پر ایک مستند آئی ٹی ادارے طور پر مانا جاتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صدر مشرف کے اس منصوبے کے لئے مکمل سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کہ اس سے ایک انقلابی تبدیلی آئے گی۔