ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا،ہماری حکومت اسے جائز حقوق دے گی،وزیراعظم شوکت عزیز،پاکستان کی سلامتی ،وقار اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان کے افطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 13 اکتوبر 2006 21:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اسے کوئی جدا نہیں کر سکتا بلوچستان کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا اور اس کے حقوق نہیں دیئے گئے انشاء اللہ ہماری حکومت بلوچستان کو اس کے جائز حقوق دے گی اور اس کی ہر ضرورت کو پورا کیاجائیگا بلوچستان میں امن وامان قائم ہور ہا ہے اور ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں پاکستان کی سلامتی وقار اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا پاکستان ہماری پہچان ہے اور رہے گی وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز نے یہ بات جمعہ کی رات کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام یوسف کی جانب سے اپنے اعزاز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کو جو ترقی ملنی چاہئے تھی وہ نہیں ملی میں اب سب کو یقین دلاتا ہوں کہ بلوچستان کے جائز حقوق بلوچستان کو جلد مل جائیں گے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام یوسف اور ان کی کابینہ صوبے میں امن وامان کی بحالی کیلئے جو کوششیں کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں میں ان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ ہماری پہچان پاکستان سے ہے اور انشاء اللہ پاکستان قائم و دائم رہے گا ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بلوچستان کے مسائل جو اس سے پہلے حل نہیں ہوئے اسے حل کیاجائے تاکہ بلوچستان کی پسماندگی کو فوری طور پر دور کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ترقی کا ہونا ضروری ہے اور انشاء اللہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں اور بلوچستان میں جاری میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے صوبے کے عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا اور ترقی کے عمل کو کوئی بھی نہیں روک سکتا کیونکہ ہمارا ایجنڈا صرف بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہے افطار ڈنر کے موقع پر گورنر بلوچستان اویس احمد غنی ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام یوسف، صوبائی وزراء ، وفاقی وزراء سردار یار محمد رند، میر نصیر مینگل، مسز زبیدہ جلال، وزیراعظم کے خصوصی معاون کمانڈر خلیل چیف سیکرٹری بلوچستان کے بی رند، آئی جی پولیس چوہدری محمد یعقوب، صوبے بھر سے آئے ہوئے ناظمین نائب ناظمین سٹی ناظم کوئٹہ میر مقبول لہڑی مسلم لیگ کوئٹہ سٹی کے صدر میر عابد لہڑی چلتن ٹاؤن کے ناظم محمد اسماعیل لہڑی بلوچستان صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی اور قبائلی عمائدین معزز ین شہر چیمبر آف کامرس کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔