میرپور کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلانات کی نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ طاہر کھوکھر

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 14:59

میرپور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14اکتوبر2006) متحدہ قومی موومنٹ آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر و چیف آرگنائزر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت میرپور شہر کے مسائل ٹھوس بنیادوں پر حل کروائے اس وقت میرپور شہر کو اعلانات کی نہیں بلکہ عملی مظاہروں کی ضرورت ہے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا دورہ میرپور کس حد تک کامیاب ہوا اس کا علم عوام کو ہے میرپور کے عوام کو مسلم کانفرنسی پیپلز پارٹی لیگی یا متحدہ کے طور پر نہیں بلکہ میرپوری کے طور پر سوچنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ متحدہ کے کارکنوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ عوامی حقوق اور جذبہ خدمت خلق کے لئے محنت ور لگن سے کام کریں اور حق پرستی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ جانے دیں یہی واحد راستہ ہے جو کامیابی کی طرف جاتا ہے قائد اعظم کے ایمان اتحاد اور تنظیم کی وارث متحدہ قومی موومنٹ 2007ء کے الیکشن میں سب سے بڑی عوامی قوت کے طور پر سامنے آئے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حکومت آزاد کشمیر نے میرپور کے دورے میں عوام کو کی دیا اب اہلیان میر پور کو معلوم ہوجانا چاہئے کہ فرضی اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوتے۔