متاثرین منگلا ڈیم کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 16:29

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2006ء) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھری خطے کو تباہی سے دوچار کرسکتی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے، متاثرین منگلا ڈیم کے جلد مسائل حل کریں گے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، آزاد کشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، آبپاشی کا ایک محکمہ قائم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ہفتے کے روز یہاں دورہ میرپور کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب، وفود سے گفتگو اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھڑی شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہٹ دھرمی اور مسئلہ کشمیر پر وقت گزاری کی پالیسی ترک کرے بھارتی حکمران خطہ میں قیام امن کے لئے صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے پیش پرایسیس کی تجاویز پر عملی اقدمات کریں تاکہ نیوکلیئر برصغیر میں اعتماد سازی کی فضا قائم ہوسکے انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کے کشمیری عوام صدر پاکستان کی کشمیر پالیسی کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں صدر پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو جراتمندانہ موقف اختیار کیا ہے اس پر کشمیری انہیں سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل ہوگا کشمیریوں کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم کانفرنس پر اپنے جس غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے مسلم کانفرنس اس عتماد کو کبھی متزلزل نہیں ہونے دے گی۔ مسلم کانفرنس پروفیشنل ونگ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امین چوہدری کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اڑھائی ماہ حکومتی تجربہ کے بعدیہ کہتا ہوں کہ ہماری انتظامیہ اوچھے اورلائق لوگوں پر مشتمل ہے انتظامیہ سے اچھا تعاون ملا ہے کسی کو معطل کئے بغیر تبدیلی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ دو ماہ کے بعد انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر خالدابراہیم نے حلف اٹھایا ہے وہ اسمبلی میں رہ کر عوام کی خدمت کریں انہوں نے کہا کہ اسحاق ظفر بہت اچھے انسان تھے ان کا بحیثیت قائد حزب اختلاف چوبیس گھنٹے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جو پارلیمانی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے وزیراعظم نے کہاکہ میرپور شہرکی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جائے گا میرپور میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کرکے اسے ماڈل اور جدید سٹی بنائیں گے انہوں نے کہا کہ میرپور میں میگا پراجیکٹ شروعکریں گے انہوں نے کہا کہ سولہ سال بعد تعلیمی اداروں میں سٹاف کی حاضری اسی فیصد بڑھ گئی ہے تاہم تبدیلی کیلئے مزیدوقت درکار ہے انہوں نے کہاکہ تعمیر نو کے عمل میں حکومت اپوزیشن اپنے بیگانے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

قاضی ظفر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق نے کہا کہ منگلا ریزنگ پراجیکٹ کے متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں متاثرین کے تمام تحفظات و خدشات دور کئے جائیں گے اور متاثرین کو بھرپورریلیف فراہم کریں گے ریزنگ پراجیکٹ کی زد میں آنے والے متاثرین کے جملہ مسائل کے حل کیلئے ترجیحی اقدامات کریں گے متاثرین کے تحفظات کے حوالے سے صدر پاکستان جنرل پرویزمشرف اور وفاقی وزیر امور کشمیر سے ملاقات کرکے متاثرین کے تمام معاملات حل کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ میرپور کے عوام نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے جو قربانیاں دیں ہیں حکومت کو ان کا بھرپور احساس ہے اور پوری طرح آگاہ ہے حکومت متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریگی۔ آبپاشی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ آزاد کشمیر میں آبپاشی کا ایک الگ محکمہ قائم کیا جارہاہے مجموعی طور پر ایک چیف انجینئر اور اس کا معاون عملہ فراہم کیا جائے گا کھڑی آبپاشی منصوبے کے بروئے عمل آنے سے 9700 ایکڑ زمین سیراب ہوگی اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے چھ ملین روپے کی مالیت سے نئے منصوبوں کی نشاندہی کردی ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں پانی کے بہتر استعمال اورسبزیوں کی وسیع پیمانہ پر کاشت اورہرضلع میں سبزی منڈیاں قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ مال زمینی قطعات فراہم کریگی۔

جبکہ یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں کشمیری طلبہ کی سیٹیں بڑھائی جائیں اور یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے ہم ہر ممکن اقدامات کریں گے اور آزاد کشمیر یونیورسٹی کو حکومت آزاد کشمیر براہ راست ڈیل کرے گی اور وزیراعظم سیکرٹریٹ براہ راست اس کی نگرانی کرے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم آزاد کشمیر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کا فروغ چاہتے ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن کی جرات بہادی اور بروقت فیصلے کے ذریعے تعلیم کے سلسلے کو دوبارہ بحال کرنے پر مبارکباد دی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے ترکی کی تنظیم کی جانب سے 3.5 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ عارضی انفراسٹرکچر کی تعمیر کو بھی سراہا اور کہا کہ میں یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے ایرا کے حکام سے خود رابطہ رکھوں گا اور مظفر آباد یونیورسٹی کی تمیر نو جلد شروع کی جائے گی اس سلسلہ میں سپیشل بچوں کے لئے بھی معیاری تعلیم دینے کے لئے اقدامات کررہا ہوں میں نے عالمی سطح پر تعمیر نو اور بحالی کے حوالے سے بات کی جس پر عالمی برادری نے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا میں فنڈز کے حوالے سے آپ کو مایوس نہیں کرونگا انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان نے ہمیشہ فیاضی کا مظاہرہ کیا اور بالخصوص جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستانی قوم فوج اور میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منظور خان نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں 3700 طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں آٹھ اکتوبر کے سانحہ کی وجہ سے طلبہ وطالبات کا قیمتی سال بچانے کے لئے کلاسز راولپنڈی اسلام آباد یونیورسٹیز میں منتقل کی گئیں انہوں نے بتایا کہ مظفر آباد یونیورسٹی کی تعمیر نو کے لئے حکومت نے 1644 کنال اراضي کی منظوری دی ہے جبکہ مزید 351 کنال زمین یونیورسٹی کے لئے درکار ہے سعودی حکومت نے تعمیر نو کے لئے پچاس ملین ڈالر فنڈ مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ابتدائی طور پر پندرہ ملین روپے اس جگہ کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لئے منظور کئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر نو انٹرنیشنل سیفٹی اسٹینڈرڈ کے مطابق کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :