غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سے مزید 8 فلسطینی جاں بحق، گزشتہ 3 دنوں میں 21 افراد چل بسے

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 20:40

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2006ء) غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران حماس کے 7 کارکنوں سمیت مزید 8 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے گزشتہ 3 دنوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہو گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے دوران مزید 8 فلسطینی جاں بحق ہو گئے جن میں حماس کے 7 کارکن بھی شامل ہیں اس طرح گزشتہ 3 دنوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں کار میں سوار صدر محمود عباس کی جماعت ”الفتح‘،کی تنظیم الاقصیٰ بریگیڈ کا رکن ہلاک اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایک گھر پر اسرائیلی میزائلوں کے حملے کے نتیجے میں اس میں چھپے ہوئے 4 حماس کارکن جاں بحق ہو گئے جبکہ 5واں تھوڑی دیر کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 3 حماس کارکنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے فضائی حملوں سمیت ان تمام کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور کہا ہے کہ حملے آج بھی جاری رہیں گے جبکہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع عامر پیریز نے جنوبی اسرائیل میں راکٹ حملے روکنے کے لئے فوج کو فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :