افغانستان میں خودکش حملے اور جھڑپوں میں تین نیٹو فوجیوں سمیت 23سیکیورٹی اہلکار ہلاک ، جاسوسی کے الزام میں‌ اطالوی صحافی اغوا

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 23:12

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2006ء) افغانستان میں خودکش حملے اور جھڑپوں میں تین نیٹو فوجیوں سمیت تیئیس سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ،ہلمند میں مبینہ طور پر طالبان نے ایک اطالوی صحافی کو اغوا کرلیا۔افغانستان سے ملنے والے اطلاعات کے مطابق صوبہ ہلمند سے قندہار جاتے ہوئے اطالوہ صحافی گیبرئیل کو اغوا کرلیا گیا ۔

روم میں اطالوی فوج نے صحافی کے اغوا کی تصدیق کی ہے ۔صوبہ قندھار کے علاقے جوڑی میں طالبان نے افغان فوجیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کرکے 20فوجیوں کو ہلاک اور معتددکو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ افغان فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ خودکش حملے میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک غیر ملکی خبرر ساں ادارے نے طالبان کے ایک ترجمان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ہفتے کے روز قندھار صوبے کے علاقے جوڑی میں طالبان نے افغان فوج کے قافلے پر خودکش حملہ کیا۔

(جاری ہے)

حملے میں20سے زائد فوجی ہلاک ہوگئے اور اس دوران متعدد زخمی بھی ہوئے جبکہ دوسری جانب قندھار کے علاقے پنجوائی میں مشتبہ طالبان اور نیٹو فورسز کے درمیان جھڑپ میں تین نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران طالبان نے تین گاڑیوں کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر افغانستان کے صوبے لغمان میں گورنر گلاب منگل قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا ایک ساتھی ہلاک ہوگیا۔ دوسری جانب طالبان نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں طالبان کمانڈر ملا داداللہ کی زیر کمان طالبان کو کارروائی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ویڈیو میں ضلع چارچینو میں پولیس کے کمپائونڈ پر حملہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔