شمالی کوریا کیخلاف اضافی پابندیوں بارے حتمی فیصلہ جلد کر دیا جائے گا،جاپان

اتوار 15 اکتوبر 2006 22:51

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2006ء) جاپان کے نئے وزیر اعظم شینزوایبے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے فوجی و اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد جاپان شمالی کوریا کے خلاف اضافی پابندیوں پر غور کر رہا ہے جس کے بارے میں جلد حتمی فیصلہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شینزاویبے نے کہا کہ ان کا ملک شمالی کوریا کے خلاف سلامتی کونسل کی طرف سے لگائی جانے والی فوجی و اقتصادی پابندیوں کو کافی سزا نہیں سمجھتا اور وہ شمالی کوریا کے خلاف اضافی پابندیوں کے بارے میں غور کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے شمالی کوریا پر پابندیوں کی حمایت کر کے اس کو سخت پیغام دیا ہے کہ جوہری ہتھیار کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی شمالی کوریا پر اضافی پابندیوں کے بارے میں غور کر رہے تھے اور اس سلسلے میں جلد حتمی فیصلہ کر دیا جائے گا۔