پی آئی اے کپتان بغیر کٹ اور یونیفارم فلائٹ پشاور لے گئے

پیر 16 اکتوبر 2006 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر۔2006ء) قومی ائیر لائن پی آئی اے میں کپتان کی بیماری کے باعث ذاتی کام سے ائیرپورٹ جانے والے کپتان کو بغیر یونیفارم کراچی سے پشاور جہاز اڑانے کا حکم دے دیا گیا۔ اس سلسلے میں قومی ائیرلائن کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز PK-350 پیر کو تقریباً دن ڈیڑھ بجے پشاور روانگی کیلئے تیار تھی کہ متعلقہ حکام کو اطلاع ملی کہ ائیربس A-310 کو اڑانے والے شیڈول کپتان بیماری کے باعث جہاز نہیں لے جا سکتے۔

جس کے بعد ائیرپورٹ پر ذاتی کام سے جانے والے کپتان قمر کو کپتان کی حیثیت سے جہاز پر روانہ کردیا گیا جو بغیر کٹ اور بغیر یونیفارم جہاز کو لے کر پشاور گئے اور وہاں سے اسی جہاز کی فلائٹ PK-351 کو لے کر واپس کراچی پہنچے اس سلسلے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ بغیر یونیفارم کپتان قمر کو پسینجر کا بورڈنگ کارڈ جاری کرکے جہاز میں سوار کرایا گیا تاکہ ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس والے اعتراض نہ کریں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں بغیر یونیفارم کپتان قمر پشاور سے فلائٹ لے کر تقریباً شام ساڑھے 5 بجے کراچی پہنچے۔ دریں اثناء مذکورہ فلائٹ کے ذریعے پشاور میں پسند کی شادی کرنے والا جاوید نامی نوجوان بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ فلائٹ کے ذریعے پشاور سے کراچی پہنچا ذرائع کے مطابق شادی کرنے والے لڑکے کو عدالتی حکم پر پشاور ائیرپورٹ سے پولیس کی حفاظت میں طیارے میں سوار کرایا گیا۔

متعلقہ عنوان :